پی سی بی مینجمنٹ کی خواہش ہے کہ میں اپنے بیانات پر معافی مانگوں،رمیز راجہ

11ramizaraajaj.jpg

کرکٹ بورڈ چاہتا ہے معافی کمنٹری کرنے کیلئے درخواست دوں جس کے بعد وہ جائزہ لے کر پی ایس ایل کمنٹری پینل میں شامل کریں: سابق چیئرمین پی سی بی

سابق چیئرمین چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) رمیز راجہ نے اپنے یوٹیوب چینل پر گفتگو کرتے ہوئے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی نئی مینجمنٹ کمیٹی کی خواہش ہے کہ اپنے حالیہ بیانات پر میں پہلے ان سے معافی مانگوں پھر کمنٹری کرنے کیلئے درخواست دوں جس کے بعد وہ درخواست کا جائزہ لیں اور انہیں پی ایس ایل کے کمنٹری پینل میں شامل کیا جائے۔

اپنے یوٹیوب چینل پر مداحوں کے ساتھ سوال وجواب کے سیشن میں ان سے پی ایس ایل میں کمنٹری کے حوالے سے سوال کیا گیا تھا جس کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپ کو لگتا ہے کہ میں ایسا کروں گا؟ رمیز راجہ نے پی سی بی سے برطرف ہونے کے بعد بیان دیا تھا کہ کرکٹ میں سیاسی مداخلت نہیں ہونی چاہئے، نجم سیٹھی کو عہدہ دینے کیلئے ایک ٹیسٹ کرکٹر کو پی سی بی چیئرمین شپ سے ہٹایا گیا!


انہوں نے کہا کہ یہی نجم سیٹھی رات کے 2بجے ٹویٹ کر رہے تھے کہ رمیز راجہ برطرف کر دیئے گئے ہیں، مجھے مبارکباد دینا شروع کر دیں۔ یہ میرا میدان ہے اور میں نے یہاں پر ٹیسٹ کرکٹ کھیلی ہے، اب کرکٹ کے باہر کے لوگ مسیحا بننے کے چکر میں ہیں یہ دیکھ کر دکھی ہوتا ہوں! ان کے مقصد کرکٹ نہیں بلکہ یہ لوگ لائم لائٹ کیلئے یہاں موجود ہیں۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف دو میچوں میں نائب کپتان شان مسعود کو بینچ پر بٹھایا تو کپتان اور ہیڈکوچ کو متعدد کالز کر کے میچز کھلانے کیلئے دبائو ڈالا گیا جبکہ اسے نائب کپتان مقرر کرنے کا فیصلہ درست ثابت کرنے کی کوشش بھی ہوئی۔ نجم سیٹھی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے پاس ایک چیئرمین موجود ہیں جن کا کھیل سے کوئی تعلق نہیں لیکن وہ آ تے ہیں اور بابر اعظم کو آئی سی سی ٹرافی دی جاتی ہے، بس!

سربراہ پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی نے گزشتہ روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) میں رمیز راجہ پر کمنٹری کرنے کے حوالے سے کوئی پابندی عائد نہیں کی گئی جبکہ رمیز راجہ کی گفتگو مختلف صورتحال کی عکاسی کرتی ہے جس کے بعد ان کا پی ایس ایل 8میں کمنٹری کا راستہ بند ہونے کا امکان ہے۔

یاد رہے کہ نئے سال کے آغاز پر سابق ٹیسٹ اوپنر وچیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کا نام پنشن حاصل کرنے والے ٹیسٹ کرکٹ کی فہرست میں شامل کیا گیا تھا جس کیلئے انہوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے کوڈ آف کنڈکٹ پر دستخط کیے تھے جبکہ کرکٹ بورڈ سے درخواست کی تھی کہ انہیں پنشن دی جائے۔
 
Last edited:

Back
Top