
واجب الادا ٹیکس کے تناظر میں پی آئی اے کے منجمد کیے گئے اکائونٹس بحال
انتظامیہ کی طرف سے 50 کروڑ روپے ٹیکس فوری طور پر ادا کرنے کی یقین دہانی کروائی گئی ہے: ذرائع
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی طرف سے واجب الادا ٹیکس کے تناظر میں قومی لائن (پی آئی اے) کے گزشتہ روز منجمد کیے گئے تمام بینک اکائونٹس کو بحال کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ایف بی آر نے فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں2 ارب 86 کروڑ روپے ادا نہ کیے جانے پر کارروائی کرتے ہوئے بینک اکائونٹس منجمد کر دیئے تھے۔
گزشتہ روز ٹیکس ادائیگی نہ کرنے کے باعث ایف بی آر اور پی آئی اے میں تنازع سامنے آیا تھا۔ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کے اکائونٹس منجمد ہونے کے بعد انتظامیہ کی طرف سے 50 کروڑ روپے ٹیکس فوری طور پر ادا کرنے کی یقین دہانی کروائی گئی جس کے بعد تمام اکائونٹس بحال کر دیئے گئے ہیں۔
دریں اثنا پاکستان سے بین الاقوامی پروازوں پر سفر کرنے والے مسافروں پر حکومت نے فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی عائد کر دی ہے جس کے بعد فرسٹ اور بزنس کلاس کے ٹکٹ ہولڈرز کو 75 ہزار روپے ٹیکس ادا کرنا پڑے گا۔ حکومت کی طرف سے یہ فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ضمنی فنانس بل 2023ء کی مد میں کی گئی ہے تاکہ 170 بلین روپے کے اضافی ٹیکس ریونیو اکٹھا کیا جا سکے اور آئی ایم سے معاہدہ ممکن ہو سکے۔
ذرائع کے مطابق خلیجی ممالک کے لیے سفر کرنے والے مسافروں کو فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں مقررہ رقم 75 ہزار روپے تک ، مشرق وسطیٰ، افریقہ، جنوبی امریکہ ، کینیڈا اور شمالی امریکہ جانے والے مسافروں سے 1 لاکھ 50 ہزار روپے جبکہ یورپ، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، پیسفک جزائر ، جانے والے مسافروں سے 2 لاکھ 50 ہزار روپے کی رقم وصول کی جائے گی۔ یاد رہے کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بھی ضمنی فنانس بل 2023ء کی منظوری دیدی گئی ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/fbr-and-pia-tax-issue.jpg