
پاکستان پیپلزپارٹی نے اعلان کیا ہے کہ وفاقی و پنجاب حکومت کے ساتھ ساتھ خیبرپختونخوا کی صوبائی حکومت کے خلاف بھی عدم اعتماد کی تحریک لائی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق یہ اعلان پیپلزپارٹی خیبر پختونخوا کے صدرنجم الدین خان لواری نے دیر بالا میں اپنی رہائش گاہ پر ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے دعویٰ کیا کہ کے پی کے اسمبلی میں حکمران جماعت تحریک انصاف کے45 ارکان پیپلزپارٹی سے رابطے میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وفاق کے بعد خیبر پختونخوا اسمبلی میں بھی پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پیش کی جائے گی،اسلام آباد کے سندھ ہاؤس پر حملے کے معاملے پر ریاستی اداروں کی خاموشی افسوسناک اور معنی خیز ہے۔
https://twitter.com/x/status/1505195139010121729
نجم الدین خان نے مزید کہا کہ اپوزیشن نے نااہل حکومت سے قوم کونجات دلوانے کیلئے کمر کس لی ہے اور اس کیلئے پوری اپوزیشن ایک پیج پر ہے، پی ٹی آئی کے کارکنان کان کھول کر سن لیں پیپلزپارٹی کے جیالے اینٹ کا جواب پتھر سے دینا جانتے ہیں۔
واضح رہے کہ متحدہ اپوزیشن نے قومی اسمبلی میں وزیراعظم عمران خان کے خلاف 8مارچ کو تحریک عدم اعتماد کیلئے اجلاس کی ریکوزیشن جمع کروائی تھی ،ممکنہ طور پر27 مارچ کو قومی اسمبلی اجلاس میں وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد پرووٹنگ ہوگی، اپوزیشن وفاق کے بعد پنجاب میں بھی تحریک انصاف کی حکومت کے خلاف عدم اعتماد لانے کا ارادہ رکھتی ہے۔