
وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے پیٹرول کی قیمت میں اضافے کا اشارہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ بین الاقوامی سطح پر خام تیل کی قیمت میں اضافہ ہوگا تو مقامی سطح پر اس اضافے کو عوام پر منتقل کرنا ہوگا۔
خبررساں ادارے دنیا نیوز کے پروگرام "دنیا کامران خان کے ساتھ" میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ پیٹرول کی قیمتیں ہمارے بس میں نہیں ہیں، حکومت اس وقت پیٹرول و ڈیزل پر 22 ارب روپے کی سبسڈی برداشت کررہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے پہلے ہی پیٹرول پر سیلز ٹیکس کو بالکل ختم کردیا جبکہ پی ڈی ایل کو بھی کم کردیا ہے، مزید ٹیکسوں میں کمی کی گنجائش نہیں ہے، اگر بین الاقوامی منڈیوں میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوتا ہے تو اسے مقامی سطح پر عوام پر منتقل کرنا ہوگا۔
انہوں نے آئی ایم ایف پروگرام سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام کے حوالے سے گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے، ہم نے مالیاتی ادارے کے متعین کردہ اہداف پورے کیے ہیں، اگر اس کے بعد بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ہوا بھی تو بہت معمولی ہوگا، ہم پہلے ہی بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 1 روپیہ 65 پیسے کا اضافہ کرچکے ہیں۔
شوکت ترین نے کہا کہ پروویڈنٹ فنڈ پر ٹیکس عائد نہ کرنے سے متعلق آئی ایم ایف سے بات کریں گے، ہمارے پاس ڈیٹا موجود ہے ہم ٹیکس پیئرز کو 8 سے 10 ملین تک بڑھانا چاہتے ہیں اس کیلئے ہم ڈیٹا کے ساتھ ساتھ آڑٹیفیشل اینٹیلیجنس کی مدد لے رہے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان کے دورہ چین سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے شوکت ترین نے کہا کہ اس دورے میں چین کے 20 بڑے بزنس گروپس سے ملاقات ہوئی، چین کو پاکستان میں انڈسٹریز لگانے کی پیشکش کی ہے اور ساتھ ساتھ زرعی و آئی ٹی کے شعبے میں مدد بھی مانگی ہے،وزیراعظم عمران خان کا چین کا دورہ کامیاب رہا ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/kamrn11i1.jpg