
وفاقی حکومت نے پٹرول کی قیمت میں جی ایس ٹی صفر کر دیا ہے، پٹرول کی قیمت میں جی ایس ٹی کی شرح 1.43 فیصد تھی۔ حکومت کی جانب سے ڈیزل پر جی ایس ٹی میں معمولی اضافہ کیا گیا ہے اس پر اب جی ایس ٹی 6.75 فیصد سے بڑھا کر 7.2 فیصد کردیا گیا ہے۔
پٹرول اور ڈیزل پر پٹرولیم لیوی میں کوئی ردوبدل نہیں کیا گیا، پٹرول پر لیوی 9 روپے 62 پیسے فی لٹر جبکہ ڈیزل پر 9 روپے 14 پیسے فی لٹر برقرار ہے۔ اوگرا نے 16 نومبر سے پٹرول 2 روپے 68 پیسے فی لٹر مہنگا کرنے اور ڈیزل 60 پیسے فی لیٹر سستا کرنے کی سفارش کی تھی۔
اس حوالے سے وزیر مملکت فرخ حبیب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے پاکستان میں پہلی بار پٹرول پر سیلز ٹیکس 17فیصد کی بجائے صفر کردیا ہے۔ پٹرولیم کی قیمتوں میں عالمی سطح پر100 فیصد اضافے کے باوجود حکومت نے عوامی ریلیف کے لیے سینکڑوں ارب کی ٹیکس آمدن کا نقصان کیا۔
اس کے ساتھ انہوں نے سابق حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ عالمی قیمتیں کم ہونے کے باوجود پٹرول پر زیادہ ٹیکس وصول کرتی تھی۔
https://twitter.com/x/status/1460504984274018305
یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کیلئے بین الاقوامی مارکیٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کے باوجود آئندہ پندرہ روز کیلئے پیٹرولیم مصنوعات کی موجودہ قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔
وزارت خزانہ کی طرف سے پیر کو جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق عالمی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کے باوجود وزیراعظم عمران خان نے 16 نومبرسے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ سے کی تجویز مسترد کر دی، وزارت خزانہ کے مطابق یہ فیصلہ مفاد عامہ کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/tax%2000.jpg