
پنجاب اسمبلی کے افسر عنایت اللّٰہ کو گرفتار کرلیا گیا
ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش ہونے سے قبل پبجاب پولیس نے ایکشن لے لیا, پنجاب اسمبلی کے گریڈ 20 کے افسر عنایت اللّٰہ لک کو حراست میں لے لیا۔
ذرائع کے مطابق پنجاب اسمبلی میں آج ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش ہو گی، اسپیکر پرویز الہٰی اجلاس کی صدارت کریں گے، اجلاس سے پہلے عنایت اللّٰہ لک کو گورنر ہاؤس کے باہر سے گرفتار کرلیا گیا ہے۔
ترجمان پنجاب اسمبلی نے بھی سیکریٹری کوآرڈینیشن پنجاب اسمبلی عنایت اللّٰہ لک کی گرفتاری کی تصدیق کردی,عنایت اللّٰہ لک کو لاہور کے تھانہ گڑھی شاہو منتقل کر دیا گیا ہے۔عنایت اللّٰہ لک عدالت جاتے ہوئے گرفتار کیا گیا ہے, انہیں کس مقدمے کے تحت حراست میں لیا گیا یہ نہیں بتایا گیا۔
لاہور ہائی کورٹ نے حمزہ شہباز کی آج بطور وزیرِ اعلیٰ حلف برداری کا حکم دے رکھا ہے,عدالتِ عالیہ نے اپنے حکم میں کہا ہے کہ گورنر خود یا نمائندے کے ذریعے حلف برداری یقینی بنائیں۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس امیر بھٹی نے حمزہ شہباز کی درخواست پر جاری فیصلے میں کہا کہ آئین فوری طور پر وفاقی یا صوبائی حکومت بنانے کی تجویز دیتا ہے موجودہ صورتحال کے مطابق صدر یا گورنر فوری حلف لینے کے آئینی طور پر پابند ہیں۔
گورنر یا صدر وزیر اعلیٰ یا وزیراعظم سے حلف لینے میں تاخیرکرنے کے مجاز نہیں اور آئین میں ایسی تاخیر پیدا کرنے کی کوئی گنجائش نہیں دی گئی۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ پنجاب گزشتہ 25 روز سے بغیر حکومت کے چل رہا ہے لہذا عدالت گورنر پنجاب کو نئے وزیر سے حلف لینے کا پراسس مکمل کرنے کی تجویز دیتی ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/dost-mazari-police-ar.jpg