پولیس اور ایف آئی اے سوچ سمجھ کر لال حویلی آئے،شیخ رشید

1sjeikrasheeeddlaaaal.jpg

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کہتے ہیں پولیس اور ایف آئی اے سوچ سمجھ کر لال حویلی آئے،لال حویلی ہماری ملکیت ہے اگر نہ ہو تو ہم قومی مجرم ہیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ لال حویلی کا کیس عدالت میں ہے، ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر آصف خان، رانا ثناء اللہ کے اشاروں پر کام کرتا ہے،میری اور لال حویلی کی سیکیورٹی واپس لے لی گئی ہے، مجھے کچھ ہوا تو رانا ثناء اللہ، شہباز شریف اور آصف زرداری ذمہ دار ہوں گے۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ ہر روز اس حکومت کو کم عقلی کا دورہ پڑتا ہے،عمران خان سے تفصیلی بات چیت کی ہے، آرمی چیف کو کہتا ہوں زرداری نے عمران خان کو قتل کرنے کی سازش کر رکھی ہے۔


شیخ رشید نے دعویٰ کیا کہ میرے پاس ثبوت ہیں آصف زرداری نے دہشت گردوں کو ہائر کیا ہے،آرمی چیف سے گزارش ہے وہ کسی افسر کو بھیجیں اسے تفصیلات بتاؤں گا۔

شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان کو گرفتار کر کے یہ لوگ اپنے پاؤں پر کلہاڑا ماریں گے،ان سے ملک چل ہی نہیں رہا، محسن نقوی کے خلاف ہم سپریم کورٹ جارہے ہیں، وہ وزارت اعلیٰ کے لیے نا اہل اور زرداری کا فرنٹ مین ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ ن لیگ 2 حصوں میں بٹ چکی ہے، بڑی خبر یہ ہے کہ یہ صوبائی اسمبلیوں کے الیکشن نہیں کروا رہے،فواد چوہدری پی ٹی آئی کا مقبول لیڈر بن گیا ہے، الیکشن کمشنر صاحب الیکشن کرائیں پرچے نہ کروائیں۔