
کراچی میں بلدیاتی الیکشن کی پولنگ کے دوران گل رعنا گورنمنٹ گرلز اسکول میں نجی افراد کی جانب سے ڈیوٹی دیئے جانے پر پولنگ روک دی گئی۔
نجی چینل اے آر وائی کے مطابق کراچی میں بلدیاتی الیکشن کے لیے جاری پولنگ کے دوران اب تک بے ضابطگیوں کے کئی واقعات رونما ہوچکے ہیں۔ ایسا ہی واقعہ گل رعنا اسکول میں بھی پیش آیا ہے۔
کراچی کے مضافاتی علاقے آسو گوٹھ میں گل رعنا گورنمنٹ گرلز سیکنڈری اسکول میں قائم پولنگ اسٹیشن میں دو نجی افراد سے الیکشن ڈیوٹی لی جا رہی تھی۔ بلاک کوڈ بی 202 اور 203 میں نجی افراد کو پولنگ کے عمل میں شریک دیکھ کر وہاں کشیدگی پھیل گئی جس کے بعد پولنگ کو روک دیا گیا۔
اس حوالے سے جب پریزائیڈنگ افسر سے پوچھا گیا تو اس نے کہا کہ عملہ کم ہے اسی لیے الیکشن ڈیوٹی کے لیے پرائیویٹ لوگوں کو بٹھایا گیا ہے۔ پی او سے پوچھا گیا کہ کس قانون کے تحت نجی افراد کو الیکشن ڈیوٹی پر تعینات کیا گیا تو اس نے اس کا انوکھا جواب دیتے ہوئے کہا کہ میں پریزائیڈنگ افسر ہوں میری مرضی جس کو چاہوں بٹھا دوں۔
یاد رہے کہ الیکشن کمیشن کے قوانین کے مطابق پولنگ اسٹیشن پر کسی بھی غیر مجاز اور پرائیویٹ شخص سے الیکشن ڈیوٹی نہیں لی جاسکتی۔ اطلاعات کے مطابق الیکشن کمیشن نے اس واقعے کا نوٹس لے لیا ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/fakeh1h111.jpg