پنجاب کے ایئرپورٹس، ایئربیسز کی 15 کلو میٹر کی حدود میں دفعہ 144نافذ

E4ShghoXwAQeBKT.jpg:large


محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبے بھر میں تمام ایئرپورٹس اور پاک فضائیہ کی بیسز کے 15 کلومیٹر کے دائرہ کار میں دفعہ 144 نافذ کر دی ہے، جس کا اطلاق 5 جون سے 20 جون تک جاری رہے گا۔ اس فیصلے کا مقصد عیدالاضحیٰ کے موقع پر فضائی سفر کو محفوظ بنانا ہے۔

ترجمان محکمہ داخلہ کے مطابق ہر سال عیدالاضحیٰ کے دوران قربانی کے جانوروں کی آلائشیں ایئرپورٹ کے آس پاس کھلے عام پھینک دی جاتی ہیں، جس کے باعث پرندے اس جانب راغب ہوتے ہیں۔ پرندوں کی موجودگی نہ صرف طیاروں کی پرواز کے لیے خطرہ ہے بلکہ مسافروں کی جان کو بھی شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔ انہی خدشات کے پیش نظر صوبائی حکومت نے یہ قدم اٹھایا ہے۔

نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ پابندی کے دوران ایئرپورٹ اور فضائی بیسز کے 15 کلومیٹر کے اندر کبوتر بازی، آتش بازی، ڈرونز کا استعمال، لیزر لائٹس کی روشنی ڈالنا، یا کھلی آلائشیں پھینکنا ممنوع قرار دیا گیا ہے۔ خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

حکام نے اس اقدام کو شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور فلائٹ آپریشن کے تسلسل کو یقینی بنانے کے لیے ناگزیر قرار دیا ہے۔ محکمہ داخلہ کی جانب سے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ وہ اپنے اضلاع میں ایئرپورٹس کے اطراف صفائی، فضلہ ٹھکانے لگانے کے مناسب انتظامات، اور دفعہ 144 کے اطلاق پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق حالیہ برسوں میں ملک کے مختلف ایئرپورٹس پر پرندوں کے طیاروں سے ٹکرانے کے واقعات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جن کے نتیجے میں متعدد پروازیں منسوخ یا تاخیر کا شکار ہوئیں، اور بعض واقعات میں طیاروں کو ہنگامی لینڈنگ بھی کرنا پڑی۔

حکومت کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات شہری شعور کو اجاگر کرنے، ممکنہ حادثات سے بچاؤ، اور بین الاقوامی ایوی ایشن معیار کے مطابق حفاظتی تقاضے پورے کرنے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔
 

Back
Top