battery low
Chief Minister (5k+ posts)

لاہور (عاطف پرویز سے) سرکاری سکولوں میں 68 فیصد پوسٹوں پر مستقل سربراہوں اور سینئر اساتذہ کی عدم موجودگی کا انکشاف ہوا ہے۔ پنجاب بھر کے سرکاری سکولوں میں مستقل سربراہوں اورسینئر اساتذہ کی شدید کمی کا انکشاف ہوا ہے۔
محکمہ سکول ایجوکیشن کئی برسوں سے اضافی چارج پر سربراہ تعینات کرنے کی پالیسی اپنائے ہوئے ہے ، جبکہ اساتذہ کو بروقت ترقیاں نہ ملنے سے سینئر اساتذہ کی بیشتر پوسٹیں خالی پڑی ہیں۔ذرائع کے مطابق گریڈ 17 میں ہیڈ ماسٹر کی 5,067 منظور شدہ پوسٹوں میں سے 3,661 خالی ہیں۔ گریڈ 18 میں ہیڈ ماسٹر کی 1,673 پوسٹوں میں سے 500 پر عارضی تعیناتیاں کی گئی ہیں۔
اسی طرح گریڈ 19 میں ہیڈ ماسٹر کی 37 فیصد پوسٹوں پر عارضی سربراہوں کا راج ہے۔ گریڈ 20 میں صورتحال اس سے بھی تشویشناک ہے، جہاں 404 منظور شدہ پوسٹوں میں سے 303 عہدے عارضی سربراہوں کے سپرد کئے گئے ہیں۔
سینئر اساتذہ کی دستیابی کا حال بھی مایوس کن ہے۔ گریڈ 19 میں سینئر ٹیچرز کی 66 فیصد پوسٹیں خالی ہیں جبکہ گریڈ 18 میںسینئر اساتذہ کی 55 فیصد پوسٹوں پر کوئی مستقل استاد موجود نہیں۔شعبہ تعلیم سے وابستہ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس صورتحال کا براہ راست اثر طلبا اور سکولوں کی مجموعی کارکردگی پر پڑ رہا ہے۔
اساتذہ کی بروقت ترقی اور میرٹ پر تعیناتیاں یقینی بنائے بغیر تعلیمی معیار میں بہتری ممکن نہیں۔ اساتذہ کی تنظیموں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اساتذہ کی ترقیوں کا عمل تیز کیا جائے اور خالی پوسٹوں کو فوری پُر کر کے سکولوں کا نظام بہتر بنایا جائے۔
Source
- Featured Thumbs
- https://i.postimg.cc/HntSL8mX/punjab.jpg