
مینار پاکستان لاہور میں پاکستان تحریک انصاف کے جلسے کے اعلان کے بعد پنجاب حکومت نے تھریٹ الرٹ جاری کردیا ہے۔
تفصیلات کےمطابق پنجاب حکومت کی جانب سے لاہور میں جلسے کے اعلان کے بعد ایک تھریٹ الرٹ جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق ایجنسیز کو ملنے والی اطلاعات کے مطابق دہشت گرد دھماکہ خیز مواد کے ہمراہ لاہور میں داخل ہوچکے ہیں۔
تھریٹ الرٹ کے مطابق ان دہشت گردوں کا نشانہ جلسے اور جلوسوں کی سیکیورٹی پر تعینات قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار ہیں۔
خیال رہے پاکستان تحریک انصاف نے آج رات بعد نماز عشاء مینار پاکستان پر جلسے کا اعلان کیا ہے جس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان خطاب کریں گے، عمران خان کے خطاب کیلئے مینار پاکستان کے اسٹیج پر بلٹ پروف کنٹینر کا بندوبست کیا گیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے مینار پاکستان گراؤنڈ کی طرف جانے والے تمام راستوں کو کنٹینرز کھڑے کرکے بند کردیا ہے، میٹرو بس کے روٹ کو بھی گجومتہ سے ایم اے او کالج تک محدود کردیا گیا ہے۔