پنجاب، پختونخوا اسمبلیاں کب تحلیل ہونگی؟ کمیٹی کی سفارشات تیار

ikpunjabsahh.jpg


تحریک انصاف پنجاب کے ارکان نے پارٹی قیادت کو صوبائی اسمبلیاں فوری تحلیل نہ کرنے کا مشورہ دے دیا۔ صوبے سے تعلق رکھنے والے کچھ ارکان نے اسمبلیاں فوری تحلیل نہ کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی کارڈز کھیلتے ہوئے ٹائمنگ کو مدنظر رکھا جائے۔

میڈیا رپورٹس میں کہا جا رہا ہے کہ ارکان نے رائے دی ہے کہ اسمبلیوں کی تحلیل ایسے وقت میں کی جائے جب وفاقی اور دیگر 2 صوبوں کی اسمبلیوں پر تحلیل کرنے کے لیے دباؤ بڑھ سکے۔ اس وقت حلقوں میں ترقیاتی کاموں کے لیے اربوں روپے مالیت کے ٹینڈرز ہو چکے، جب کہ حکومتی منصوبے تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں۔

اسمبلیوں کی تحلیل کے معاملے پر تحریک انصاف کی اعلیٰ سطح کی کمیٹی نے اپنی سفارشات تیار کر لیں۔ کمیٹی کے ارکان کی جانب سے 20 دسمبر تک اسمبلیاں تحلیل کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ قبل ازیں پارٹی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت کمیٹی کے اجلاس میں سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔


اجلاس میں میاں اسلم اقبال، محمود الرشید، حماد اظہر، اعجاز چودھری اور دیگر ارکان شریک ہوئے۔ اعلیٰ سطح کی کمیٹی کی سفارشات پر پارلیمانی بورڈز کے اجلاسوں کے بعد تاریخ کا حتمی فیصلہ عمران خان کریں گے۔

دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی کے ساتھ اہم سیاسی رہنماؤں کی ملاقات کا سلسلہ جاری ہے۔ عمران خان آج زمان پارک لاہور میں اپنی رہائش گاہ پر موجود ہیں، جہاں اہم سیاسی رہنما ان سے ملاقات کریں گے۔


ادھر وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی بھی آج سابق وزیراعظم سے دوپہر کے بعد اہم ملاقات کریں گے۔ عمران خان سے وزیر اعلیٰ کی ملاقات میں پنجاب اسمبلی کی تحلیل سمیت دیگر امور پر مشاورت ہوگی جب کہ چودھری پرویز الٰہی عمران خان کو اپنی مکمل حمایت کا یقین دلائیں گے۔