پی ایس ایل کے جاری ساتویں ایڈیشن میں گزشتہ روز پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان میچ ہوا جس کے دوران زلمی کے لیگ اسپنر عثمان قادر نے عمر اکمل کو آؤٹ کرنے پر پرچہ لہرانے کی وجہ بتا دی۔
بولر عثمان قادر نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف شاندار بولنگ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کر کے ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے عمراکمل، افتخاراحمد اور جیمز وینسے کی اہم وکٹیں حاصل کیں اور کوئٹہ کے لیے مطلوبہ ہدف کا حصول ناممکن بنا دیا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے بلےباز عمر اکمل پشاور زلمی کے عثمان قادر کی گیند پر پوری طرح بیٹ ہوگئے اور اپنا توازن برقرار نہ رکھ سکے اسی اثناء میں وکٹ کیپر نے پلک جھپکتے وِلز اڑا کر بلے باز کو اسٹمپ آؤٹ کر دیا۔ عمراکمل کی وکٹ لینے پر عثمان قادر نے جیب سے ایک کاغذ نکالا اور اسے بلے باز کی جانب دیکھتے ہوئے لہرایا۔
کیمرے کی آنکھ نے اس لمحے کو محفوظ کر لیا جب کہ فیلڈ میں موجود ساتھی کھلاڑیوں نے پرچہ لہرانے پر تجسس کا اظہار کیا۔ سینئر کھلاڑی شعیب ملک قریب پہنچے اور اشارے سے پرچہ واپس جیب میں ڈالنے کا کہا، لیکن کوئی نہیں جانتا تھا کہ پرچہ لہرانے کی وجہ کیا ہے۔
میچ کے اختتام پر گفتگو کرتے ہوئے عثمان قادر نے کہا کہ پرچے میں لکھا تھا "اللہ سب سے بڑا منصوبہ ساز ہے"۔ ان کا کہنا تھا کہ کیمرہ ٹھیک سے فوکس نہیں کر پایا اس لیے پرچے میں لکھا پیغام دیکھا نہیں جا سکا۔