پسند کی شادی کرنے والے نوجوان کو بیوی نے جیل پہنچا دیا

3lovemarraige.jpg

لاڑکانہ میں پسند کی شادی کرنے والے نوجوان کو اس کی نوبیاہتا بیوی کے ایک بیان نے ہنی مون پر جانے کی بجائے جیل کی ہوا کھلا دی۔8 ماہ سے سنٹرل جیل میں اغوا کے مقدمے میں قید فرسٹ ایئر کے طالب علم اظہار مہدی مگسی نے ویڈیو بیان جاری کیا تو اس کی بے گناہی کی گواہی کیلئے پہلے اس کے خلاف بیان دینے والی بیوی نے بھی ایک ویڈیو پیغام جاری کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق پائلٹ ہائیر سکینڈری اسکول کے فرسٹ ایئر کے طالب علم اظہار مگسی نے کنول کلہوڑو نامی لڑکی سے پسند کی شادی کی، مبینہ طور پر والدین کے دباؤ پر کنول نے عدالت میں اظہار مگسی کو پہچاننے سے انکار کر دیا اور الزام لگا دیا کہ اسے اغوا کیا گیا تھا جس کے بعد اس کے شوہر اظہار مگسی کو سنٹرل جیل بھیج دیا گیا۔

لڑکی کے بیان دینے کے بعد لڑکا کئی ماہ سے سنٹرل جیل میں قید ہے جس نے اب اپنی بےگناہی ثابت کرنے کیلئے جیل سے ویڈیو پیغام جاری کیا اور بتایا کہ وہ کنول سے کتنی محبت کرتا تھا اور اس سے شادی کی مگر اس پر جھوٹا مقدمہ بنا کر اسے 8 ماہ سے جیل میں قید کروا دیا گیا ہے۔ اظہار مگسی سے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ جیل میں قید ہونے کے باعث تعلیم کا بھی ہرج ہو رہا ہے۔


اظہار مگسی نے وزارت انسانی حقوق اور اس مقصد کیلئے کام کرنے والی تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ اس کی مدد کی جائے۔ تاکہ وہ جھوٹے مقدمے کی قید سے آزاد ہو کر تعلیم حاصل کر سکے۔

دوسری جانب تڑپتی محبت یعنی اظہار مگسی کی بیوی کنول کلہوڑو سے بھی نہ رہا گیا اور اس نے بھی ویڈیو پیغام جاری کر دیا جس میں اظہار کی بےگناہی کی گواہی دی اور بتایا کہ وہی اس کا شوہر ہے اس نے یا اس کے والدین اور چچا میں سے کسی نے مجھے اغوا نہیں کیا تھا میں نے اپنی مرضی سے اس سے شادی کی تھی مگر والدین کے دباؤ پر عدالت میں جھوٹا بیان دیا تھا۔
 

Back
Top