
سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کی رولنگ کالعدم قرار دینے کا سپریم کورٹ کا فیصلہ چیلنج کر دیا، حمزہ شہباز نے چوہدری پرویز الٰہی کے بطور وزیراعلیٰ پنجاب فیصلے کو بھی چیلنج کردیا،سپریم کورٹ میں نظرثانی درخواست دائر کردی، درخواست میں فل کورٹ بنانے کی استدعا بھی کی گئی ہے۔
سپریم کورٹ نے گزشتہ ماہ چوہدری پرویز الہٰی کی درخواست منظور کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے انتخاب میں ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری کی رولنگ کالعدم قرار دیتے ہوئے پرویز الہٰی کو پنجاب کا وزیراعلیٰ قرار دیا تھا۔
چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے پرویز الہٰی کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سنایا تھا،عدالتِ عظمیٰ نے حمزہ شہباز کی نئی کابینہ کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیا تھا۔
عدالت نے فیصلے میں کہا تھا کہ ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کا کوئی قانونی جواز نہیں، پنجاب کابینہ بھی کالعدم قرار دی جاتی ہے،حمزہ شہباز نے بطور وزیراعلیٰ جو بھی تقرریاں کیں وہ کالعدم قرار دی جاتی ہیں۔