
حالیہ پاک بھارت جنگ میں پاک فضائیہ کے ہاتھوں بھارت کے جدید ترین لڑاکا طیارے رافیل کی تباہی پر فرانسیسی فوج کی جانب سے باضابطہ ردعمل سامنے آ گیا ہے۔ فرانسیسی ترجمان نے کہا ہے کہ وہ اس واقعے کی تفصیلات کا بغور جائزہ لے رہے ہیں اور صورتحال کی مکمل تصدیق کے لیے بھارت سے براہِ راست رابطے میں ہیں۔
پاکستانی حکام کے مطابق، 7 مئی کو بھارتی جارحیت کے جواب میں پاکستان نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارت کے سات جنگی طیارے مار گرائے، جن میں تین فرانسیسی ساختہ رافیل بھی شامل تھے۔
بین الاقوامی میڈیا نے ان واقعات کو بھارت کے لیے ایک "ذلت آمیز فضائی شکست" قرار دیا ہے اور عسکری ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان نے پہلی بار رافیل جیسے جدید طیارے کو گرا کر خطے میں اپنی فضائی برتری ثابت کر دی ہے۔
https://twitter.com/x/status/1927605525010653458
فرانسیسی فوج کے ترجمان نے گزشتہ روز پیرس میں ایک پریس بریفنگ کے دوران صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا: "رافیل کی کارکردگی کے حوالے سے ہم صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔ بھارت ہمارا قریبی شراکت دار ہے اور ہم اس واقعے کی تفصیلات جاننے کے لیے براہ راست رابطے میں ہیں۔"
ترجمان نے مزید کہا کہ لڑائی میں سیکڑوں طیاروں نے حصہ لیا، اور اگر رافیل کے مار گرائے جانے کی اطلاعات درست ثابت ہوئیں، تو یہ اس طیارے کے دو دہائیوں پر مشتمل آپریشنل کیریئر میں پہلا موقع ہوگا کہ اسے دشمن نے فضاء میں تباہ کیا ہو۔
ادھر بھارت نے سرکاری طور پر اپنے کسی طیارے کی تباہی کی تصدیق نہیں کی، تاہم 9 مئی کو ایک پریس کانفرنس میں بھارتی فضائیہ کے ایئر مارشل اے کے بھارتی نے رافیل طیارے کے نقصان سے متعلق سوال کے جواب میں کہا: "نقصانات لڑائی کا حصہ ہوتے ہیں، اور میں اس سے زیادہ تفصیل نہیں دے سکتا، کیونکہ اس سے فریق مخالف کو فائدہ ہو سکتا ہے۔"
یاد رہے کہ بھارت نے 2019 میں پاکستان کے ہاتھوں اپنے دو طیاروں کی تباہی کے بعد فرانس سے 36 رافیل طیارے خریدنے کا معاہدہ کیا تھا۔ ان میں سے تین طیارے حالیہ جنگ میں تباہ ہو چکے ہیں، جس سے نہ صرف بھارتی فضائیہ کو جھٹکا لگا ہے بلکہ رافیل کی ناقابل شکست شہرت بھی عالمی سطح پر زیر سوال آ گئی ہے۔