
پاک فضائیہ کی جانب سے بھارت کی فضائی جارحیت کا بھرپور جواب دیا گیا، جس کے نتیجے میں بھارتی فضائیہ کے متعدد لڑاکا طیارے مختلف علاقوں میں گر کر تباہ ہوگئے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، ان طیاروں کے پائلٹس بھی زخمی یا لاپتہ ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق، بھارتی فضائیہ کے ایک لڑاکا طیارے نے مقبوضہ کشمیر کے اننت ناگ کے علاقے میں گر کر تباہ ہونے کی اطلاعات ملیں۔ اس طیارے کے پائلٹ کی ہلاکت کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق، تباہ ہونے والے طیارے کی ایجکیشن سیٹ گڈول کوکرناگ کے علاقے سے ملی۔
دوسرے بھارتی طیارے کے متعلق بتایا گیا کہ وہ پامپور یا پلوامہ کے علاقے میں گر کر تباہ ہوا۔ اس طیارے کے پائلٹس کو شدید زخمی حالت میں سری نگر اسپتال منتقل کیا گیا۔
تیسرا بھارتی طیارہ ضلع رام بن کے پنتھیال/رامسو علاقے میں گرا، جہاں اس کے زخمی پائلٹ کو فلائنگ آفیسر کے طور پر شناخت کیا گیا اور انہیں آرمی اسپتال ادھم پور منتقل کیا گیا۔
مزید برآں، بھارتی فضائیہ کے ایک اور طیارے کا حادثہ اکھنور کے علاقے میں ہوا، جہاں یہ طیارہ کھیتوں میں گرا۔ اس طیارے کے پائلٹس ایجیکٹ کرنے کے باوجود زخمی ہو گئے اور انہیں اکھنور کے فوجی اسپتال منتقل کیا گیا۔
ایک اور بھارتی طیارہ بھٹنڈہ کے علاقے میں بھی تباہ ہوا۔
https://twitter.com/x/status/1922276555142676650
یہ تمام کارروائیاں 10 مئی 2025 کو شروع کیے گئے "آپریشن بنیان مرصوص" کے دوران ہوئیں، جس کے تحت پاکستان نے بھارت کی فضائی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا اور تین رافیل طیاروں سمیت پانچ بھارتی جنگی جہازوں کو مار گرایا۔ پاک فضائیہ کے ایروائس مارشل اورنگزیب احمد نے اس کامیابی کو بھارت کی فضائیہ کے مقابلے میں 6-0 سے فتح قرار دیا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھارتی حکام نے تین طیاروں کے گرنے کی تصدیق کی تھی، تاہم پہلی بار بھارتی فضائیہ نے بالواسطہ طور پر یہ تسلیم کیا کہ ان کے رافیل طیارے پاک فضائیہ کے ہاتھوں گرائے گئے۔