
پاکستان نے جنگی طیاروں کی فروخت کے لیے آذربائیجان کی فضائیہ کے ساتھ اپنی تاریخ کا سب سے بڑا معاہدہ کر لیا ہے۔ آذربائیجان کے معروف اخبار آذر نیوز نے پاکستانی میڈیا کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس (پی اے سی) اور آذر بائیجان کی فضائیہ کے درمیان جدید جوائنٹ فائٹر (جے ایف 17 - سی بلاک 3 ) لڑاکا طیارے خریدنے کا معاہدہ 1.6 بلین ڈالر میں طے پا گیا ہے جس میں جے ایف 17 سمیت گولہ بارود کی کی فروخت اور تربیت بھی شامل ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان کا یہ بیرون ملک دفاعی سازوسامان فراہم کرنے کا سب سے بڑا معاہدہ ہے جس کے تحت پاکستان آذربائیجان کو جے ایف 17 - سی بلاک III طیارے دینے کے ساتھ گولہ باردو کے علاوہ زمین سے زمین پر مار کرنے والے میزائل بھی فراہم کرے گا۔
پاکستان آذربائیجان کے فوجی اہلکاروں کو فضائی جنگ کی تربیت بھی فراہم کریگا، وہ پاکستانی فضائیہ کے اہلکاروں کی نگرانی میں تربیت حاصل کریں گے۔ معاہدے کے بعد میانمار اور نائجیریا کے ساتھ آذربائیجان جے ایف 17 تھنڈر طیارے حاصل کرنے والے ملکوں میں شامل ہو چکا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس (پی اے سی) پاکستان میں فوج کیلئے ہوائی جہاز ودیگر دفاعی سازوسامان تیار کرنے والی بڑی کمپنی ہے جس کا آغاز پاکستان ایئرفورس نے 1971ء میں کیا تھا۔ پی ای سے پاکستانی فوج کے علاوہ دیگر ممالک کیلئے بھی ہوائی جہاز تیار اور مرمت کرتی ہے، کچھ دفاع سازوسامان کی تیاری میں چین اور ترکی بھی مل کر اس کے ساتھ کام کرتے ہیں۔
پی اے سی متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، قطر، نائجیریا، میانمار جیسے متعدد ممالک میں کاروبار کرتا ہے، ماضی میں پاک فضائیہ نے اپنے ہوائی جہازوں کو ٹھیک کرنے کیلئے دوسرے ملکوں کو بھیجنے کے بجائے ٹھیک کرنے کیلئے کامرہ میں ایئرکرافٹ ری بلڈ فیکٹری (اے آر ایف) اور میراج ری بلڈ فیکٹری (ایم آر ایف) کے نام سے فرانس اور چینی ماہرین کی مدد سے فیکٹریاں قائم کی تھیں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/maah111ih113.jpg