
پاکستان میں مون سون کے حالیہ سیزن کی بارشوں نے سیلابی صورتحال پیدا کر رکھی ہے اور اس سے لاکھوں افراد متاثر ہو رہے ہیں روزانہ کی بنیاد پر بلوچستان اور جنوبی پنجاب کے شہری سیلابی ریلوں کی نذر ہو رہے ہیں جبکہ امدادی ادارے پاکستان ریڈ کریسنٹ (ہلال احمر) کے چیئرمین گلوکار ابرار الحق برطانیہ میں اپنے کنسرٹس میں مصروف ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ابرارالحق ان دنوں لندن میں ہونے والے فنڈریزنگ کنسرٹس کی تیاریوں میں مصروف ہیں جبکہ پاکستان میں سیلاب زدگان بےیار ومددگار سیلابی پانی میں ڈوب رہے ہیں۔
واضح رہے کہ ابرار الحق چیئرمین پاکستان ریڈکریسنٹ ہونے کے ساتھ ساتھ اپنی ذاتی این جی او "سہارا ٹرسٹ" بھی چلا رہے ہیں، اسی کیلئے فنڈریزنگ کی غرض سے وہ برطانیہ میں کنسرٹ کرنے پہنچ گئے ہیں۔
دوسری جانب ابرارالحق کی ایسی سرگرمیوں کے باعث سوشل میڈیا صارفین ان پر برہم ہیں اور کہہ رہے ہیں کہ سیلاب نے پاکستان میں گھر تباہ کر دیئے ہیں، غریب، بچے، بوڑھے، خواتین اس کی لپیٹ میں ہیں اور جس ادارے کا کام ایسے وقت میں ریلیف کیمپ قائم کرنا اور ان سب کی مدد کرنا ہے اس کا چیئرمین اپنی این جی او کی فنڈنگ میں مصروف ہے۔
https://twitter.com/x/status/1562264680671895552
https://twitter.com/x/status/1562275886959067139
https://twitter.com/x/status/1562257391239979008
صارفین کی جانب سے ابرارالحق کو اس عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ 2019 میں جب ابرارالحق کو صدر مملکت عارف علوی نے ایک نوٹیفیکیشن کے ذریعے چیئرمین پاکستان ریڈکریسنٹ مقرر کیا تھا تو سابق چیئرمین ریڈ کریسنٹ سعید الہیٰ نے اسی بنیاد پر ابرار الحق کی تقرری کو اسلام آباد کی عدالت میں چینلج کیا تھا۔
درخواست گزار کی جانب سے مؤقف اپنایا گیا تھا کہ ابرارالحق اپنا کالج، ایک خیراتی اسپتال اور این جی او چلا رہے ہیں مفادات کے ٹکراؤ کی وجہ سے وہ اس عہدے کیلئے موزوں نہیں ہیں انہیں اس عہدے سے ہٹایا جائے۔
Last edited: