
اسلام آباد: پاکستان ریلویز نے رواں مالی سال میں 75 ارب روپے کی تاریخی آمدن حاصل کر کے ایک نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔ ریلوے ترجمان کے مطابق گزشتہ سال 20 اپریل تک ادارے نے 69 ارب روپے کی آمدن حاصل کی تھی، جب کہ اس سال اسی مدت میں 6 ارب روپے زیادہ کمائے گئے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ریکارڈ آمدن کا بڑا حصہ مال بردار ٹرینوں سے حاصل ہوا، جن سے رواں سال اب تک 40 ارب روپے کی کمائی کی گئی۔ دوسری جانب مسافر ٹرینوں سے 26 ارب روپے کا ریونیو حاصل ہوا، جب کہ زمین اور دیگر ذرائع سے 9 ارب روپے کی آمدن ہوئی۔
سی ای او پاکستان ریلویز، عامر علی بلوچ نے اس کارکردگی کو ادارے کی درست سمت میں پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ آمدن میں اضافے کا سہرا اصلاحاتی اقدامات، سروس میں بہتری اور ریلوے ٹیم کی محنت کو جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صارفین کو مزید سہولیات فراہم کرنے اور نظام کو جدید بنانے کے لیے ادارہ پرعزم ہے۔
یہ پیش رفت ریلوے کو خود کفیل ادارہ بنانے کی جانب ایک اہم قدم سمجھی جا رہی ہے، جس سے قومی معیشت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہونے کی امید ہے۔