
آسٹریلوی ٹیم کا دورہ پاکستان بھارتیوں کو پسند نہ آیا، آسٹریلوی کھلاڑی کے خاندان کو سوشل میڈیا پر بھارتی صارف کی جانب سے دھمکیاں ملنے لگیں، دھمکی آمیز پیغام شیئر کرنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کا ردعمل آگیا۔
تفصیلات کے مطابق سال بعد پاکستان آنے والی آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کو دھمکی آمیز پیغامات موصول ہوئے ہیں، آسٹریلوی کھلاڑی کو پاکستان میں کھیلنے پر سنگین نتائج کی دھمکی دی گئی، دھمکیاں انسٹا گرام پر جعلی اکاونٹ سے دی گئیں، اس پر پاکستان کرکٹ بورڈ کا ردعمل آگیا، پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ کرکٹ آسٹریلیا سوشل میڈیا کی ایک پوسٹ سے مکمل باخبر ہے، پی سی بی، کرکٹ آسٹریلیا اور دونوں ممالک کے اداروں نے تحقیقات کیں۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا سرگرمی کے لیے جامع سیکیورٹی پلانز ترتیب دیے گئے ہیں۔ ترجمان پی سی بی کے مطابق کرکٹ آسٹریلیا کو اس حوالے سے کوئی خطرہ نہیں ہے، اس حوالے سے مزید کوئی تبصرہ نہیں کیا جائے گا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دھمکیوں کے پیچھے بھارتی گجرات میں مقیم مرائدل تیواڑی ملوث نکلا، مرائدل تیواڑی بھارتی گجرات میں آئی ایم سی لمیٹڈ میں انوائرمینٹل، ہیلتھ اور سیفٹی آفیسر ہے۔ یاد رہے کہ آسٹریلیا کی ٹیم 24 برس بعد پاکستان کا دورہ کر رہی ہے جبکہ اس دورے میں 3 ٹیسٹ، 3 ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز کھیلی جائے گی جبکہ 1 ٹی ٹوئنٹی میچ بھی دورے میں شیڈول ہے۔
تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 4 مارچ سے راولپنڈی میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا ٹیسٹ 12 تا 16 مارچ کراچی میں ہوگا۔ ٹیسٹ سیریز کا تیسرا اور آخری ٹیسٹ 21 مارچ تا 25 مارچ لاہور میں کھیلے جانا ہے۔
اسی طرح ون ڈے سیریز کا پہلا میچ 29 مارچ، دوسرا 31 مارچ اور تیسرا 2 اپریل کو کھیلا جائے جبکہ ون ڈے سیریز کے تمام میچز راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔ آسٹریلیا کے دورہ پاکستان کے دوران ٹیسٹ و ون ڈے سیریز کے بعد ایک ٹی ٹوئنٹی میچ بھی کھیلا جانا ہے جو 5 اپریل کو راولپنڈی میں ہی کھیلا جائے گا۔
Last edited: