معروف پاکستانی وی لاگر ابرار حسن موٹرسائیکل پر عمرے کی ادائیگی کیلئے پہنچ گیا۔ وہ اپنی ٹریول وی لاگنگ کی وجہ سے مشہور ہیں۔ وہ 12 ممالک کا موٹرسائیکل پر سفر کر چکے ہیں جبکہ انہوں نے کل 80 ممالک کا سفر کر رکھا ہے۔
کچھ ہی عرصہ قبل ابرار حسن نے ایڈونچر کیلئے موٹرسائیکل پر سعودی عرب کا سفر کرنے کا ارادہ ظاہر کیا تھا وہ اس سے عمرہ اور زیارات کر کے اپنے دیرینہ خواب کی تکمیل بھی چاہتے تھے۔
ابرار حسن نے غیر ملکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ "موٹر بائیک پر سعودی عرب کا سفر کرنا ہمیشہ سے میرا خواب تھا اور یہ اس سال پورا ہوا، شاید کچھ احساسات ہیں جو آپ الفاظ میں بیان نہیں کر سکتے، لہٰذا میرے لیے یہ سب کچھ غیر حقیقی رہا ہے اور مجھے اس سفر کا ایک ایک لمحہ بہت پسند تھا۔ سرحدوں کو عبور کرنا اور راستے میں بہت سارے لوگوں سے ملنا ایک حیرت انگیز تجربہ تھا۔"
یاد رہے کہ ابرار نے 9 فروری 2022 کو پنجاب میں اپنے آبائی شہر ننکانہ صاحب سے حجاز مقدس کے لیے اپنے سفر کا آغاز کیا تھا وہ 27 مارچ کو مدینہ منورہ پہنچے۔ وہ 50 دنوں میں یہ سفر طے کر کے ارض مقدس پہنچے تھے۔
ابرار حسن نے اس سفر سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ رمضان سے قبل عمرے کیلئے پہنچ کر روزے مدینہ منورہ میں رکھنا چاہتے تھے اور یہ خواب پورا بھی کر لیا۔ جتنی محبت مل رہی ہے وہ ناقابل یقین ہے۔
واضح رہے کہ ابرار حسن پیشے کے اعتبار سے ابرارحسن مکینیکل انجنیئر ہیں جو کہ ایک غیر ملکی کمپنی سے وابستہ ہیں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/umra-on-way-bike.jpg