پاکستان، جنوبی افریقہ دوسرا ایک روزہ میچ، افریقی بلے باز پر جرمانہ عائد

2klasenjshdjhjs.png



انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے جنوبی افریقا کے جارح مزاج بلے باز ہینریچ کلاسن پر پاکستان کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ کے دوران ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر میچ فیس کا 15 فیصد جرمانہ عائد کر دیا ہے۔

یہ واقعہ کیپ ٹاؤن میں کھیلے گئے میچ کے دوران اس وقت پیش آیا جب ہینریچ کلاسن 74 گیندوں پر 97 رنز بنا کر شاندار اننگز کھیلنے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ آؤٹ ہونے پر کلاسن نے غصے میں وکٹ کو لات ماری، جو کہ آئی سی سی کے کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی ہے۔

آئی سی سی کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ کلاسن نے آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کے آرٹیکل 2.2 کی خلاف ورزی کی ہے، جو کھیل کے دوران سازوسامان یا میدان کے کسی حصے کو نقصان پہنچانے سے متعلق ہے۔ انہوں نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے آئی سی سی کے فیصلے کو قبول کر لیا، جس کے بعد باضابطہ سماعت کی ضرورت نہیں پڑی۔

میچ کے دوران کلاسن نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے پاکستانی بولنگ اٹیک کو شدید دباؤ میں رکھا اور صرف تین رنز کی کمی سے اپنی سنچری مکمل نہ کر سکے۔ تاہم ان کی جارحانہ اننگز بھی جنوبی افریقی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی۔ پاکستان نے دوسرے ون ڈے میچ میں جنوبی افریقا کو 81 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-2 کی ناقابلِ شکست برتری حاصل کر لی۔
 

Back
Top