پنجاب میں پاور شیئرنگ کے معاملے پر پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن کےدرمیان ڈیڈ لاک برقرار ہے، دونوں پارٹیوں کے درمیان معاملات کسی حتمی نتیجے تک نہیں پہنچے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب میں پاور شیئرنگ کا معاملہ وفاق تک پہنچ گیا ہے، دونوں جماعتوں کی مشترکہ کورڈینیشن کمیٹیوں کا اگلا اجلاس اسی مہینے وزیراعظم ہاؤس میں منعقد ہوگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی نے ن لیگ کی صوبائی حکومت کو اپنے مطالبات اور تجاویز کے حوالے سے آگاہ کردیا تھا، پیپلزپارٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ ہر ضلع میں دو لا افسران کو تعینات کیا جائے ، صوبے میں منتخب اراکین، ٹکٹ ہولڈرز کو فنڈز فراہم کیے جائیں۔
پیپلزپارٹی کی جانب سے ضلعی سطح پرپولیس افسران سے کام کروانے کیلئے کمیٹیاں بنانے کی تجویز دی گئی اور بیت المال، زکوۃ کمیٹیوں اور مارکیٹ کمیٹیوں میں نمائندگی دینے کا بھی مطالبہ کیا گیا۔
پیپلزپارٹی کی تجاویز اور مطالبات پر حتمی فیصلہ رواں مہینے اسلام آباد میں وزیراعظم آفس میں ہونے والے اجلاس میں کیا جائے گا۔