
خیبرپختونخوا پولیس پاکستان کی بہادرترین فورس ہے جو دہشت گردی کے خلاف فرنٹ لائن فورس کے طور پر لڑائی لڑ رہی ہے: جنرل سید عاصم منیر
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیرشاہ نے آج پشاور پولیس لائنز مسجد میں دھماکے کی جگہ کا دورہ کیا ہے۔ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) اعلامیہ کے مطابق آرمی چیف نے پشاور پولیس لائنز مسجد میں دھماکے کا دورہ کیا، اس موقع پر انہوں نے پولیس افسران و اہلکاروں سے ملاقات بھی کی۔
آرمی چیف نے پولیس جوانوں و افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم بحیثیت قوم مل کر دہشت گردی کے خلاف پائیدار امن حاصل کرنے تک لڑیں گے اور اس لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے! انشاء اللہ! ہم اپنے ہدف کو کامیابی سے حاصل کریں گے۔
https://twitter.com/x/status/1621541271981682693
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا پولیس پاکستان کی بہادرترین فورس ہے جو دہشت گردی کے خلاف فرنٹ لائن فورس کے طور پر لڑائی لڑ رہی ہے۔ خیبرپختونخوا پولیس کی دہشت کے خلاف جنگ میں خدمات کو سراہتے ہیں اور اس راہ میں جام شہادت نو کرنے والے پولیس شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔
علاوہ ازیں آج پشاور میں وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر، ڈی جی آئی ایس آئی ودیگر شریک ہوئے اور دہشت گردی کا یکجا ہوکر مقابلہ کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ افغانستان کے ساتھ دو ٹوک بات کی جائے گی اور کالعدم تنظیموں کا خاتمہ کرنے کیلئے ٹارگٹڈ آپریشنز کیے جائیں گے۔
دریں اثنا آئی جی خیبرپختونخوا نے پولیس اہلکاران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ: مجھے فخر ہے کہ میں خیبرپختونخوا جیسی بہادر اور دلیر پولیس کا سپہ سالار ہوں جنہوں نے دہشتگردی کیخلاف جنگ جوانمردی سے لڑی اور لڑ رہے ہیں۔ خیبرپختونخوا پولیس ایک جسم کی مانند ہے اور میں اس کی آنکھیں ہوں! تفریق ڈالنے والے ہمارا حصہ نہیں ہیں۔
https://twitter.com/x/status/1621568966647840801