
رواں برس کھیلے گئے ٹی ٹوینٹی ورلڈکپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی بدترین کارکردگی کے باعث آئندہ ٹی 20 ورلڈکپ میں کوالیفائنگ رائونڈ کھیلنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا تھا تاہم بہتر رن ریٹ نے قومی ٹیم کو اس شرمندگی سے بچا لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی طرف سے بھارت وسری لنکا میں شیڈول ٹی 20 ورلڈکپ 2026ء کیلئے 12 ٹیموں کو حتمی شکل دیدی گئی ہے جس سے قومی ٹیم پہلی دفعہ کوالیفائنگ رائونڈ کھیلنے سے بچ گئی ہے۔
آئی سی سی کی طرف سے آئندہ ٹی 20 ورلڈ کے لیے کوالیفائی کرنے والی ٹیموں کی تصدیق کر دی گئی ہے جس میں پاکستان کرکٹ ٹیم بھی شامل ہے، قومی کرکٹ ٹیم نے ٹی 20 کرکٹ کے فارمیٹ میں رینکنگ کی بنیاد پر آئندہ ٹی 20 ورلڈکپ کیلئے براہ راست کوالیفائی کیا ہے۔ رواں برس کی طرح آئندہ ٹی 20 ورلڈکپ میں بھی 20 ٹیموں حصہ لیں گے جنہیں 4 گروپوں میں تقسیم کیا جائے گا۔
ٹی 20 ورلڈکپ 2026ء کی میزبانی مشترکہ طور پر بھارت وسری لنکا کے سپرد کی گئی ہے، ان دونوں ٹیموں کے علاوہ آئرلینڈ، افغانستان، نیوزی لینڈ، پاکستان، ویسٹ انڈیز، جنوبی افریقہ، انگلینڈ، بنگلہ دیش، امریکہ اور آسٹریلیا میگاایونٹ میں براہ راست جگہ بنانے میں کامیاب ہوئی ہیں جبکہ باقی 8 ٹیمیں کوالیفائنگ رائونڈ میں شرکت کے بعد ہی ٹورنامنٹ کا حصہ بن سکیں گی۔
یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم ٹی 20 ورلڈکپ کے سپرایٹ مرحلے تک بھی نہیں پہنچ پایا تھا جس کے بعد سوشل میڈیا ودیگر فورمز پر افواہ پھیلائی جا رہی تھی کہ قومی کرکٹ ٹیم کو اگلے ورلڈکپ کیلئے کوالیفائرز میچ کھیلنے پڑیں گے۔ آئی سی سی کی طرف سے ٹی 20 ورلڈکپ 2026ء کیلئے براہ راست کوالیفائی کرنے والی 12 ٹیموں کا اعلان ہونے کے بعد ان افواہوں نے دم توڑ دیا ہے۔
آئی سی سی کے مطابق آئندہ ورلڈکپ میں مجموعی طور پر 20 ٹیمیں شریک ہوں گی اور 8 دیگر ٹیموں کا انتخاب ریجنل کوالیفائر کے ذریعے کیا جائے گا۔ آئندہ کا ٹی 20 ورلڈکپ بھی رواں برس کھیلے گئے ورلڈکپ کے فارمیٹ کی طرز پر ہو گا جس میں 20 ٹیموں 4 گروپس میں تقسیم کی جائیں گی جن میں سے 8 ٹیموں سپر8 مرحلے کیلئے کوالیفائی کریں گے۔واضح رہے کہ رواں برس کھیلے گئے ٹی 20 کرکٹ ورلڈکپ میں بھارت جنوبی افریقہ کو 7 رنز سے شکست دیکر دوسری دفعہ ٹائل اپنے نام کرنے میں کامیاب ہوا تھا۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/12pakisquuafynjhjshjs.png