پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی نے(پیمرا) نے ٹی وی چینلز کو پروگرامز میں پولیس کا مذاق یا طنزیہ انداز میں پیش کرنے پر پابندی عائد کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پیمرا نے حال ہی میں ایک حکم نامہ جاری کیا ہےجس میں ٹی وی چینلز کو مزاحیہ اسکٹس اور طنزیہ پروگرامز میں پولیس یونیفارم میں کرداروں کو پیش کرنے پر پابندی عائد کی ہے۔
پیمرا کا کہنا ہے کہ طنزیہ پروگراموں میں مختلف کرداروں کو توہین آمیز انداز میں پولیس یونیفارم میں پیش کیاجاتا ہے، یہ بات انتہائی تشویشنا ک ہے کہ سیٹلائٹ ٹی وی چینلز طنز پر مبنی پروگرام نشر کرنے اور پروڈیوس کرنے کے دوران ریاستی اداروں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی وردیوں کو ذلت آمیز انداز سے استعمال کیا جارہا ہے۔
پیمرا کا کہنا ہے کہ ناظرین کی جانب اس معاملے پر متعدد شکایات بھی موصول ہوئی ہیں، ٹی وی چینلز کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ ایسے مکالموں کا کوئی کردار یا استعمال نا دکھائیں جس سے ریاستی بالخصوص پولیس کے وقار کو نقصان پہنچے، تمام ٹی وی چینلز کو ہدایات دی جاتی ہیں کہ کامیڈی شوز میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی وردی استعمال کرنے کو فوری طور پر بند کیا جائے۔
ریگولیٹری اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ٹی وی چینلز اپنے لائسنس کے ضوابط وشرائط کی تعمیل کے پابند ہیں، اگر کوئی چینل خلاف ورزی میں ملوث پایا گیا تو پیمرا آڑڈیننس کے سیکشن27، 29اے اور 30 کے تحت کارروائی کی جائے گی۔