ٹک ٹاکرز اور ٹک ٹاک ایپ استعمال کرنے والوں کیلئے خوشخبری، پی ٹی اے نے ٹک ٹاک پر پر عائد پابندی ہٹادی،پی ٹی اے کے مطابق پابندی ٹک ٹاک کی غیراخلاقی مواد کو کنٹرول کرنے کی یقین دہائی پر ہٹائی گئی ہے۔
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ ٹک ٹاک نےغیرقانونی مواد اپ لوڈ کرنے والے اکاؤنٹس بلاک کرنے کی یقین دہانی کرادی ہے،پی ٹی اے ترجمان کے مطابق انتظامیہ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ صارفین کی جانب سے شیئر کیا جانے والے غیر قانونی مواد کو فوری طور پر بلاک کرے گی،اس حوالے سے مانیٹرنگ جاری رکھی جائے گی۔
پی ٹی اے کے مطابق ٹک ٹاک کو غیر اخلاقی مواد کی بنیاد پر جولائی 20 میں بند کیا گیا اور ملک بھر میں اس کی سروسز پر پابندی عائد کی گئی تھی،اکتوبر میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے پابندی کو اظہار رائے کے خلاف قرار دیتے ہوئے پی ٹی اے سے جواب طلب کیا تھا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس جسٹس اطہر من اللہ نے استفسار کیا تھا کہ پی ٹی اے نے پابندی کیوں لگائی؟ آئندہ سماعت پرمطمئن کیا جائے،عدالت نے ریمارکس دیے تھے کہ متوسط طبقہ اپنی صلاحیتوں کو اجاگر کرکے اس پلیٹ فارم سے کمائی کررہا ہے، اس کے باوجود ٹک ٹاک کو بلاک کیا گیا، کسی ایکسپرٹس سے رائے لی گئی؟ پی ٹی اے کو جواب دینے کا حکم دیتے ہوئے سماعت22 نومبر تک ملتوی کردی گئی تھی۔