ٹک ٹاکر عائشہ اکرم کو قتل کی دھمکیاں ملنے لگیں، مقدمہ درج

ay111h1h.jpg


رواں برس 14 اگست کو مینار پاکستان پر بدسلوکی کا نشانہ بننے والی خاتون ٹک ٹاکر عائشہ اکرم نے قتل کی دھمکیاں ملنے پر راولپنڈی کے ایک اور ٹک ٹاکر علی شاہ اور اس کے ساتھیوں کیخلاف مقدمہ درج کرادیا۔ عائشہ نے لاہور کے تھانہ شاہدرہ ميں ٹک ٹاکر علی شاہ کيخلاف مقدمہ درج کرایا، مقدمہ 25ڈی ایکٹ کے تحت درج کیا گیا۔

عائشہ نے شاہدرہ پولیس کو دی گئی اپنی درخواست میں مؤقف اپنایا ہے کہ اسے مختلف نمبرز سے قتل کی دھمکياں مل رہی ہيں اور قوی يقين ہے کہ ٹک ٹاکر علی شاہ اور اس کے ساتھی دھمکياں دے رہے ہيں۔ انٹرنیشنل کالز اور انٹرنیٹ کالز کے نمبرز سامنے نہیں آتے تاہم ان کی ریکارڈ نگز موجود ہیں۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق عائشہ کو ملنے والی دھمکیوں کے پیچھے راولپنڈی سے تعلق رکھنے والا ٹک ٹاکر علی شاہ اور اس کے ساتھی ہیں، جو گزشتہ کئی سالوں سے عائشہ کو بلیک میل کر رہے ہیں۔ خاتون ٹک ٹاکر نے پولیس سے اپیل کی کہ نامزد افراد کو گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔

یاد رہے کہ اس سے عائشہ اکرم نے اپنے ساتھی ٹک ٹاکر عامر عرف ریمبو پر بھی بھتہ لینے اور نازیبا ویڈیو بناکر بلیک میل کرنے کے الزامات لگاتے ہوئے پولیس کو درخواست دی تھی، جس پر اس کیخلاف بھی مقدمہ درج کرلیا گیا تھا۔


قبل ازیں یہ خبریں بھی سامنے آ چکی ہیں کہ عائشہ اکرم اور ریمبو کی ایک آڈیو ریکارڈنگ بھی منظر عام پر آئی ہے جس میں دونوں کے مابین جیل میں شناخت ہونیوالے ملزمان سے رقم لینے کی گفتگو کی گئی۔ اس ریکارڈنگ میں عائشہ گرفتار ملزموں سے 5،5 لاکھ روپے کے عوض سمجھوتہ کرنے سے متعلق گفتگو کر رہی ہے۔
 

Back
Top