
بھارت کی سات ریاستوں میں 14 خواتین کے ساتھ مبینہ طور پر شادی کرکےانہیں لاکھوں روپے کا چونا لگانےوالے شہری کو اوڑیسہ میں گرفتار کرلیا گیا ۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت میں کچھ عرصے کے دوران شادی کی ویب سائٹ کے ذریعے دھوکے باز نوجوانوں کی خواتین کو دھوکا دینے کے کئی واقعات سامنے آئے ہیں ایسا ہی ایک واقعہ اوڑیسہ کے کیندرپارا ضلع میں سامنے آیا ہے ، ریاست اوڑیسہ کے دارالحکومت بھونیشور سے تعلق رکھنے والے 54 سالہ جعلساز شخص نےخود کو سرکاری افسر ظاہر کر کے 14 شادیاں کیں، ملزم پر خواتین سے پیسے لینے کا الزام تھا ۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ملزم کی شناخت رمیش چند سوین عرف بدھو پرکاش سوین عرف رمانی رنجن سوین کے طویل نام سے ہوئی ہے۔
ملزم اپنی آخری بیوی کے ساتھ بھونیشور میں رہ رہا تھا جو دہلی کے ایک سکول میں پڑھاتی تھیں، جس سے ملزم رمیش سوین نے 2018 میں مرکزی وزارت صحت میں ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل بتاکر شادی کی تھی، ملزم کی دیگر شادیوں کے بارے میں معلوم ہونے کے بعد آخری بیوی نے پولیس میں شکایت درج کرائی تھی۔
تفتیش کے دوران پولیس کو ملزم کے طریقہ واردات کا پتہ چلا کہ سوین نے مذکورہ افسر بن کر کم از کم 14 خواتین سے شادی کی وہ شادی کی ویب سائٹ سے متاثرین سے رابطہ قائم کرتا تھا اور اس کا نشانہ خاص طور پر ادھیر عمر کی امیر خواتین ہوتی تھیں جنہیں کسی سہارے کی ضرورت ہوتی تھی۔
اوڈیشہ میں بھونیشور کے پولیس ڈپٹی کمشنر اوم شنکر داش نے بتایا کہ یہ شخص خود کو ڈاکٹر متعارف کرواتا اور اعلیٰ تعلیم یافتہ خواتین سے شادی کرتا جبکہ پیرا ملٹری فورس میں کام کرنے والی ایک خاتون بھی متاثرہ خواتین میں شامل ہے جس سے شادی کر کے 10 لاکھ روپے بٹورے تھے۔
پولیس کے مطابق سوین کے متاثرین میں وکلا، اساتذہ، ڈاکٹر اور اعلیٰ تعلیم یافتہ خواتین شامل ہیں جن کا تعلق دہلی، پنجاب، آسام، جھارکھنڈ اور اوڑیسہ سمیت سات ریاستوں سے ہے۔
ملزم رمیش چند سوین نےاعتراف جرم کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا کہ ان تمام شادیوں کا مقصد صرف پیسہ اکھٹا کرنا تھا اور وہ ان خواتین سے شادی کے بعد ان کی جائیدادیں حاصل کیا کرتا تھا۔
ملزم نے پہلی شادی 1982 میں کی تھی، دوسری شادی پہلی شادی کے 20 سال بعد 2002 میں کی، ان دونوں شادیوں سے ملزم کے پانچ بچے تھے ، 2002 اور 2020 کے درمیان ملزم نے مختلف ویب سائٹس کے ذریعے عورتوں سے دوستی کرکے شادی کی۔
پولیس نے ملزم کے خلاف متعدد دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے اس سے تفتیش شروع کردی ہے جب کہ اس کے گھر کی تلاشی کے دوران پولیس کو وہاں سے 11 اے ٹی ایم کارڈ اور مختلف سرکاری شناخت والے کارڈ ملے ہیں۔
اس سے قبل 2006 میں کیرالہ پولیس نے سوین کو 13 بینکوں کو ایک کروڑ روپے کا چونا لگانے کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/india-shadi1i11.jpg