پاکستانی ہدایت کار عاصم عباسی کی بھارتی ویب سیریز برزخ کو شدید عوامی تنقید اور ردعمل کے بعد پاکستان میں یوٹیوب سے ہٹانے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بھارت کے آن لائن اسٹریمنگ پلیٹ فارم زی5 اور یوٹیوب پر 19 جولائی سے ریلیز ہونےوالی فواد خان اور صنم سعید کی ویب سیریز کو پاکستان میں یوٹیوب سے ہٹادیا گیا ہے، فلم سازوں نے یوٹیوب سے برزخ کو ہٹانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں اس سیریز کو ختم کررہے ہیں، عالمی ناظرین کی غیر متزلزل حمایت پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
زی زندگی اور ٹیم برزخ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں عوامی جذبات کو مدنظر رکھتے ہوئے رضاکارانہ طور پر 9 اگست سے برزخ کو یوٹیوب سے ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے، یہ فیصلہ ناظرین کو عزت دینے کیلئےہماری وابستگی کو ظاہر کرتا ہے۔
زی زندگی کے یوٹیوب چینل پر ریلیز کی گئی برزخ کی تمام 6 ہی قسطیں 9 اگست کو پاکستان میں یوٹیوب سے ہٹا دی جائیں گی۔
خیال رہے کہ فواد خان اور صنم سعید کی ویب سیریز برزخ تیسری قسط کے نشر ہونے کے بعد ہی تنازعات کا شکار ہوگئی تھی، ویب سیریز میں مردوں کے ہم جنسی پرستی سے متعلق رجحانات کو فروغ دیا گیا تھا جس کے بعد شائقین کی جانب سے نا صرف پروڈکشن ٹیم بلکہ صنم سعید اور فواد خان کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔