وہاب ریاض کو ایک بار پھر پی سی بی میں اہم ذمہ داری ملنے کا امکان

wahab.jpg

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) میں سابق ٹیسٹ کرکٹر وہاب ریاض کی ایک بار پھر واپسی کا امکان پیدا ہوگیا ہے۔ ذرائع کے مطابق، وہاب ریاض کو چیمپئنز کپ کے سپروائزر کے طور پر مقرر کیے جانے کا امکان ہے، جبکہ وہ چیمپئنز کپ کے مینٹورز کے ہیڈ کا چارج بھی سنبھالیں گے۔ یہ اقدام ان کے سابقہ تجربے کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جا رہا ہے۔ یاد رہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے بعد وہاب ریاض کو قومی ٹیم کے سینئر مینیجر کے عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا، تاہم اب ان کی پی سی بی میں دوبارہ شمولیت کی خبریں گردش کر رہی ہیں۔

دوسری جانب، سابق کپتان محمد یوسف کی جانب سے کوچنگ کی ذمہ داریوں سے سبکدوش ہونے کے لیے پیش کیے گئے استعفیٰ پر ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ محمد یوسف نے انڈر 19 ٹیم کی کوچنگ اور نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں بطور بیٹنگ کوچ خدمات انجام دی ہیں، لیکن انہوں نے مزید ذمہ داریاں جاری رکھنے سے معذرت کرلی ہے۔

پی سی بی میں جاری انتظامی تبدیلیوں کے تحت مختلف عہدوں پر نظرثانی کی جا رہی ہے، جس میں سابق کرکٹرز کے کردار اور ذمہ داریوں کو دوبارہ ترتیب دیا جا رہا ہے۔ ان تبدیلیوں کا پاکستان کرکٹ پر کیا اثر پڑے گا اور نئے کرداروں میں یہ سابق کرکٹرز اپنی کارکردگی سے کیا نیا ثابت کریں گے، یہ وقت ہی بتائے گا۔​
 

Back
Top