
ملکی معیشت میں غیر یقینی کی صورتحال کے باعث اسٹاک ایکسچینج میں مسلسل دوسرے روز بھی مندی کا رجحان دیکھا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتےکے دوسرےروز بھی مندی چھائی رہی اور بینچ مارک کے ایس سی ہنڈرڈ انڈیکس میں گراوٹ دیکھی گئی۔
خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق آج کاروبار کے دوران کراچی اسٹاک مارکیٹ ہنڈرڈ انڈیکس میں 1اعشاریہ32 فیصد کی گراوٹ دیکھی گئی، انڈیکس 523 پوائنٹس کی کمی کےبعد 39 ہزار 276 پوائنٹس پر بند ہوا۔

واضح رہے کے آج صبح وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے سٹاک ایکسچینج میں ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ثابت کر سکتا ہوں کہ پاکستان ڈیفالٹ نہیں کرے گا اور ہم مدد کے لیے پیرس کلب نہیں جائیں گے، لوگوں کو ڈرا کر رکھا ہے کوئی سونا تو کوئی ڈالر خرید رہا ہے۔
دوسری جانب اوپن مارکیٹ سےڈالر غائب ہونے اور انٹربینک مارکیٹ میں بحران کےباعث غیر ملکی ادائیگیاں بھی تاخیر کا شکار ہوگئی ہیں، اس صورتحال میں بندرگاہوں پرامپورٹ کیے گئے سامان کی ادائیگیوں اور ایئر لائنز کے واجبات کی ادائیگیاں مشکل ہوگئی ہیں،بیرون ملک سے امپورٹ کیلئے ایل سیز کھولنا بھی ایک چیلنج بن چکا ہے،ملک میں بیرون ملک سے آنے والے خام مال کی کمی کےباعث پیداواری بحران بھی پیدا ہونا شروع ہوگیا ہے۔
معاشی ماہرین نے اسٹاک مارکیٹ میں مندی کےپیچھے عالمی مالیاتی ادارے(آئی ایم ایف) کے پروگرام میں تاخیر، غیریقینی کی صورتحال ، زرمبادلہ کےبحران اور شرح تبادلہ میں عدم استحکام جیسی وجوہات کارفرما ہیں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/11isghaqdarpsxdownagain.jpg