
یوکرین اور روس کے مابین دن بدن شدت اختیار کرتی جنگ کے پیش نظر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے یوکرینی ہم منصب دیمیٹرو کولیبا سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، سفارت کاری کے ذریعے تنازعات کے حل پر زور دیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ نے یوکرین کے وزیر خارجہ دیمیٹرو کولیبا سے ٹیلیفونک رابطہ کیا جس میں روس اور یوکرین کے درمیان تازہ ترین صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا اور اس حوالے سے پاکستان کے نقطہ نظر سے آگاہ کیا۔
شاہ محمود قریشی نے سفارتکاری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان، تنازعات کو مذاکرات اور سفارتکاری کے ذریعے حل کرنے کا خواہشمند ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تنازعات جس بھی ملک میں ہوں ان کا شدت اختیار کرنا کسی کے مفاد میں نہیں، تنازعات کی وجہ سے ترقی پذیر ممالک معاشی طور پر متاثر ہوتے ہیں۔
ٹیلیفونک گفتگو کے دوران وزیر خارجہ نے یوکرینی وزیر خارجہ کے ساتھ پاکستانی کمیونٹی، بالخصوص طلبہ کے انخلا اور ان کی بحفاظت پاکستان واپسی کے حوالے سے بھی بات چیت کی اور یوکرائنی حکام کی جانب سے انخلا کےلئےمثبت کردار کو سراہا۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے اپنے حالیہ دورہ میں روس اور یوکرین کے درمیان شدت پکڑتے تنازع پر تشویش کا اظہار کیا تھا اور سفارتکاری کو تنازعات کے حل کے لیے بہترین لائحہ عمل قرار دیا تھا۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/13fmcaalukrain.jpg