وزیر اعلیٰ کا نادار فنکاروں کے 1 ارب روپے سے خصوصی ٹرسٹ قائم کرنیکا اعلان

tariq-teddyjs.jpg

فنکاروں کے اہل خانہ کی دیکھ بھال کو فرض سمجھتے ہیں، فنکاروں کے خاندان کی معاونت کسی پر احسان نہیں بلکہ ذمہ داری ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے اداکار ٹیڈی مرحوم کے بیٹے جنید طارق نے آج ملاقات کی جس میں مرحوم طارق ٹیڈی کے بیٹے جنید طارق محمود کو وزیراعلیٰ پنجاب نے 30 لاکھ روپے کا چیک دینے کے علاوہ وزیراعلیٰ ہائوس میں نوکری دینے کا بھی اعلان کر دیا ہے۔


اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب نے نادار فنکاروں کی فلاح وبہبود کی خاطر خصوصی ٹرسٹ کے قیام کا اعلان کر دیا ہے جس کے لیے باقاعدہ قانون سازی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ خصوصی ٹرسٹ ابتدائی طور پر 1 ارب روپے سے قائم کیا جائے گا جس کے بعد نادار فنکاروں کی ماہانہ امداد 5 ہزار روپے سے بڑھ کر 25 ہزار روپے کر دی گئی ہے۔

امدادی فنڈز کی تقسیم کا طریقہ کار وضع کرنے کے لیے بورڈ آف ٹرسٹی قائم کر دیا گیا ہے جس کی سربراہی وزیراعلیٰ پنجاب ہوں گے جبکہ سید نور، سہیل احمد، قوی خان، نعمان اعجاز، جاوید شیخ، افتخار ٹھاکر، قیصر پیا، ثمینہ احمد، فیاض الحسن چوہان، ٹھاکر لاہوری کو ممبر بنایا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے اس موقع پر ملاقات کرنے والے فنکاروں نے خصوصی ٹرسٹ قائم کرنے کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا ۔

وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے طارق ٹیڈی مرحوم کے بیٹے جنید طارق محمود کو دلاسہ دیتے ہوئے گلے لگا کر شفقت کا اظہار کیا اور مرحوم طارق ٹیڈی کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی۔ اس موقع پر انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فنکاروں کے اہل خانہ کی دیکھ بھال کو ہم اپنا فرض سمجھتے ہیں، ان کے خاندان کی معاونت کسی پر احسان نہیں بلکہ یہ ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ طارق ٹیڈی مرحوم اپنے ہم عصراداکاروں میں نمایاں مقام رکھتے تھے طارق ٹیڈی کے بیٹے جنید طارق نے وزیراعلیٰ پنجاب کا شکریہ ادا کیا۔

جنید طارق کی وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کے موقع پر چیئرمین فلم سنسر بورڈ گل زمان، صوبائی وزیر ثقافت ملک تیمور مسعود، افتخار ٹھاکر، روبی انعم،اظہر بٹ، سینئرصحافی مروہ انصر، ٹھاکر لاہوری جبکہ پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ محمد خان بھٹی،پریس سیکرٹری وزیراعلیٰ محمد اقبال چودھری،ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ اسد اللہ خان، سیکرٹری اطلاعات پنجاب آصف بلال لودھی موجود تھے۔
 

Back
Top