
مسلم لیگ (ن) نے وزیراعلیٰ پنجاب کا انتخابات کرانے کے لیے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔ پنجاب اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے اس مقصد کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں آئینی درخواست دائر کردی جس میں اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر اور آئی جی پنجاب کو فریق بنایا گیا ہے۔
مسلم لیگ ن کی جانب سے جمع کرائی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ پنجاب میں وزیراعلیٰ کا عہدہ خالی ہے اس پرجلد از جلد الیکشن کرائے جائیں۔ سیکرٹری اسمبلی اور انتظامی افسران پرویز الٰہی کے غیر قانونی احکامات مان رہے ہیں اور پنجاب اسمبلی کا اجلاس بلانے کے لیے بلا جواز تاخیر کی جا رہی ہے۔
درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ جب تک صوبے کے وزیراعلیٰ کا انتخاب نہ ہو تب تک آئین کے آرٹیکل130 کے تحت اسمبلی کا اجلاس ملتوی نہیں کیا جا سکتا ہے۔ درخواست دیئے گئے فریقین کے ناموں سے متعلق کہا گیا ہے کہ وہ اپنے فرائض کی انجام دہی میں ناکام رہے ہیں لہٰذا عدالت جلد حکم جاری کرے تاکہ وزارت اعلیٰ کے انتخاب کو ممکن بنایا جا سکے۔
یاد رہے کہ درخواست میں دیئے گئے فریقین میں اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہٰی، ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری اور آئی جی پنجاب پولیس شامل ہیں۔