
وزیر اعظم عمران خان کے نئے مشیر احتساب و داخلہ بریگیڈیئر (ر) مصدق عباسی کے اثاثوں کی تفصیلات سامنے آگئیں، بریگیڈیئر (ر) مصدق عباسی 8 کروڑ 87 لاکھ روپے اثاثوں کے مالک نکلے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کے مشیر احتساب و داخلہ بریگیڈیئر (ر) مصدق عباسی نے الیکشن کمیشن میں اثاثوں کی مکمل تفصیلات جمع کرادی ہیں جن کے مطابق 8 کروڑ 87 لاکھ روپے کےاثاثے مصدق عباسی کی ملکیت میں ہیں۔
جمع کرائی گئی تفصیلات میں مصدق عباسی نے ڈی ایچ اے فیز ٹو اسلام آباد میں ساڑھے 3 کروڑ روپے کا گھر جبکہ پی ایچ اے ریزیڈینشیا کری روڈ اسلام آباد میں ڈیڑھ کروڑ روپے کا گھر ظاہر کیا۔
مشیراحتساب و داخلہ نے ایبٹ آباد کے گاؤں میں 15 لاکھ روپے کا گھر ظاہر کیا، انہوں نے قادری نوری انٹرپرائزز میں 57 لاکھ روپے کی سرمایہ کاری ظاہر کی، جب کہ بچوں کو کاروبار کیلئے 2 کروڑ 20 لاکھ روپے کا تحفہ بھی ظاہر کیا۔
مصدق عباسی نے اپنی ٹویوٹا 2007 ماڈل کی 12 لاکھ روپے کی گاڑی ظاہر کی، انہوں نے 28 لاکھ روپے کی ٹویوٹا 2009 ماڈل کی گاڑی بھی ظاہر کی، جب کہ انہوں نے اپنے بینک اکاونٹس میں 55 لاکھ روپے ظاہر کئے۔
واضح رہے کہ 31 جنوری کو سابق ڈی جی نیب بریگیڈیئر (ر) مصدق عباسی نے مشیر احتساب و داخلہ کے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔
خیال رہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان کے مشیرِ احتساب شہزاد اکبر نے 24 جنوری کو اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/4musdaqikabbasi.jpg