
وزیراعظم عمران خان اور ان کی فیملی سے متعلق نازیبا سوشل میڈیا ٹرینڈز چلانے والے ایکٹیوسٹ کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ صابر ہاشمی کو وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے سائبر کرائم ونگ نے کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کیاہے۔
ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کا اس حوالے سے ایک بیان میں کہا ہے کہ ملزم نے گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر وزیراعظم عمران خان کے خلاف نازیبا ٹرینڈز چلائے تھے، ملزم کے قبضے سے سمارٹ فون اور دیگر ڈیجیٹل میڈیا ڈیوائسز بر آمد کرکے سائبر کرائم حکام نے اپنی تحویل میں لے لی ہیں۔
سائبر کرائم ونگ کے مطابق ملزم سے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔
یادرہے کہ گزشتہ دنوں وزیراعظم عمران خان اور ان کی فیملی کے حوالے سے سوشل میڈیا پر نازیبا ٹرینڈز چلائے جارہے تھے، اس حوالے سے تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید نے سینیٹ میں اپنی تقریر کےدوران معاملےکو اٹھایا اور کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور ان کی فیملی کے خلاف ٹرینڈز چلانے والے اور افواہیں پھیلانے والے گھٹیا لوگ ہیں، من گھڑت خبریں پھیلانے والوں کو فوری طور پر روکا جانا چاہیے۔
فیصل جاوید نے ایف آئی اے سے مطالبہ کیا تھا کہ سوشل میڈیا پر جھوٹی خبریں پھیلانے والے افراد کو گرفتار کرکے ان کے خلاف کارروائی کی جانی چاہیے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/15fiapmiksabirhasmi.jpg