
وزیراعظم عمران خان کی جانب سے مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر سے استعفی لینے کی وجوہات سامنے آگئیں ہیں۔
نجی چینل کے ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ مشیر احتساب شہزاد اکبر کے استعفے کی وجہ وزیر اعظم کی ناراضگی بنی، کچھ روز قبل وزیر اعظم عمران خان نے شہزاد اکبر سے عدالتوں میں مقدمات کی تفصیلات مانگی تھی، دستاویزات ملنے کے بعد وزیر اعظم ان سے ناراض ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق شہزاد اکبر نے جو تفصیلات وزیر اعظم کو فراہم کیں وہ نا مکمل تھیں، وزیر اعظم کو دی جانے والی بریفنگ اور دستاویزات میں واضح فرق پایا گیا تھا۔
نجی چینل کے ذرائع نے یہ بھی کہا کہ وزیراعظم کو بتائی گئی مقدمات کی ٹائم لائنز میں فرق تھا۔جس کے بعد وزیراعظم آفس کی جانب سے شہزاد اکبر سے استعفی طلب کیا گیا۔
سماء ٹی وی کے مطابق شہزاداکبر کا ایسٹ ریکوری یونٹ کوئی رقم برآمد نہ کرسکا، شہزاداکبر نے 20 کے قریب غیرملکی دورے کئے جن پر کروڑوں روپے خرچ ہوئے۔وزیراعظم شریف خاندان کے مقدمات میں نتائج چاہتےتھے لیکن کچھ پیشرفت نہیں ہورہی تھی۔ایسٹ ریکوری یونٹ کوئی رقم برآمد نہ کرسکا۔
سماء ٹی وی کے ذرائع کے مطابق ایک بجے وزارت داخلہ میں اہم اجلاس تھا جس میں شہزاداکبر دیر سے شریک ہوئے ۔ مشیرداخلہ کا سٹاف کہتا رہا کہ 5 منٹ میں آئیں گے لیکن نہیں آئے، 2 بجے وزیراعظم ہاؤس پہنچے تو ان سے استعفیٰ لے لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق دو روز قبل وزیر اعظم نے شہزاد اکبر پر اظہار ناراضگی کیا، تاہم وزیر اعظم آفس کی جانب سے آج شہزاد اکبر سے استعفیٰ دینے کا کہا گیا، جس کی شہزاد اکبر نے تعمیل کی اور استعفیٰ دے دیا، جسے فوراً منظور کر لیا گیا۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/androoi1i1i1.jpg