
وزیراعظم شہباز شریف نے کسانوں کیلئے تاریخی پیکج کا اعلان کردیا ہے، پیکج میں کسانوں کیلئے سستا قرضہ دینے، گندم بیج تقسیم کرنے، اور قرضہ جات کی معافی جیسے اقدامات شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں وفاقی وزراء کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کسان پیکج کا اعلان کیا اور اس سال غیر معمولی بارشوں اور سیلاب کے باعث کسانوں کو بہت نقصان پہنچا ہے، خصوصا سندھ کے کسانوں کو بہت نقصان پہنچا ہے، اسی لیےحکومت نے کسان پیکج متعارف کروانے کا فیصلہ کیا ہے جس میں کسانوں کو 1800 ارب روپے کے قرضے دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، کسانوں کے قرضوں کے مارک اپ کی ادائیگی کیلئے10 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ اس سے کسانوں کیلئےمختص کیا گیا قرضہ 1400 ارب تھا، ڈی اے پی کھاد کی بوری کی قیمت بھی کم کردی ہے، اب سے کسان کو یہ بوری11250 میں دستیاب ہوگی، سیلاب زدہ علاقوں میں گندم کےبیج کی 12لاکھ بوریاں تقسیم کی جائیں گی جس کی 25 فیصد ادائیگی وفاق کرے گاجبکہ 25 فیصد صوبہ دے گا، وفاقی حکومت نے اس کیلئے13 ارب20 کروڑ روپے مختص کیے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں چھوٹے کسانوں کو قرضہ جات معاف کردیئے جائیں گے، بے زمین کاشتکاروں کیلئے پانچ ارب روپے کے سبسڈائزڈ قرضے رکھے جائیں گے، اسمال اور میڈیم انٹرپرائز کیلئے 10 ارب روپے رکھے جائیں گے، بیرون ملک سے پانچ سال پرانے ٹریکٹر درآمد کرنے کی اجازت بھی دی جارہی ہے،نوجوان بے روزگار بچوں کیلئے زرعی شعبے میں حکومت نے 50 ارب روپے کے قرض رکھے ہیں ، ان قرضوں کیلئے حکومت نے6 ارب 40 کروڑ روپے شرح سود میں سبسڈی دینے کیلئے بھی مختص کیے ہیں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/13shehbakisanpackage.jpg