
وزیراعظم شہباز شریف نے معرکہ حق کے دوران شہید ہونے والے افراد کے لیے خصوصی پیکج کا اعلان کیا ہے۔ اس پیکج کا مقصد شہداء اور زخمیوں کے اہل خانہ کو مالی اور سماجی امداد فراہم کرنا ہے۔
وزیراعظم کے مطابق شہدا پیکج کے تحت معرکہ حق میں شہید ہونے والے شہریوں کے ورثاء کو 1 کروڑ روپے مالی امداد دی جائے گی، جبکہ زخمی ہونے والوں کو 10 لاکھ سے 20 لاکھ روپے تک کا معاوضہ دیا جائے گا۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ پاک فوج کے شہداء کی ریٹائرمنٹ تک مکمل تنخواہ اور الاؤنسز جاری رہیں گے۔ علاوہ ازیں، پاک افواج کے شہداء کے بچوں کو گریجویشن تک مفت تعلیم فراہم کی جائے گی، اور ہر شہید کی بیٹی کے لیے 10 لاکھ روپے کی میرج گرانٹ دی جائے گی۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاک فوج کے زخمیوں کو 20 لاکھ سے 50 لاکھ روپے تک کی مالی معاونت دی جائے گی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ بھارتی حملوں میں متاثر ہونے والے گھروں اور مساجد کی تعمیر وفاقی حکومت کرے گی۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ شہداء کے بچوں کی کفالت حکومت کی ذمہ داری ہے اور معرکہ حق کے زخمیوں کا علاج بھی وفاقی حکومت کے زیر انتظام ہوگا۔ وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کے دفاع میں خدمات انجام دینے والوں کا اعتراف قومی سطح پر کیا جائے گا اور انہیں اعزازات سے نوازا جائے گا۔
اس پیکج کا مقصد نہ صرف متاثرہ افراد کی مدد کرنا ہے، بلکہ پاکستان کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کے خاندانوں کی مکمل حمایت فراہم کرنا بھی ہے۔