
پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والے رہنما ندیم افضل چن نے تحریک انصاف چھوڑنے کی وجہ بتادی ہے۔
سماء نیوز کے پروگرام" لائیو ود ندیم ملک" میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ندیم افضل چن نے کہا کہ میں نے عمران خان کو تب سنا تھا جب وہ اقتدار میں نہیں آئے تھے میں نے اس عمران خان کو جوائن کیا تھا، مگر آج جو وزیراعظم عمران خان ہیں مجھے ان کی کچھ پالیسیوں سے اختلاف ہے ، بس یہ سادہ سے وجہ ہے ۔
انہوں نے کہا کہ جو کچھ میں نے عمران خان سے سنا تھا حقیقت میں چیزیں اس سے مختلف ہیں، میں تحریک انصاف میں کمفرٹبیل نہیں تھا،شا ئد میرا خمیر پی ٹی آئی والا تھا ہی نہیں۔
ندیم افضل چن نے کہا کہ ایک موقع پر وزیراعظم نے ہزارہ میں تقریر کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری پر تنقید کی تھی، تب میں نے کابینہ اجلاس میں وزیراعظم سے کہا تھا کہ اگر یہ تقریر اور تنقید مراد سعید کرے تو ٹھیک ہے آپ ملک کے وزیراعظم ہیں آپ ایسی تقاریر نہ کیا کریں، مجھے افسوس ہے اس اجلاس میں کسی نے میری بات کی حمایت نہیں کی اور وزیراعظم نے کہاکہ آج مجھے بڑی سکون کی نیند آئی ہے۔
ندیم افضل نے کہا عمران خان نے اقتدار کیلئے اپنے اصولوں اور کرپشن کے بیانیے پر سمجھوتہ کیا۔ ان کی ساری کابینہ ایماندار نہیں ہے۔ انہوں نے ووٹوں کیلئے کرپٹ افراد کو اپنے ساتھ بٹھایا ہوا ہے۔
رہنما پیپلزپارٹی نے کہا کہ میں آج بھی خان صاحب کے کرپشن سے متعلق بیانیے سے اتفاق کرتا ہوں مگر یہ تب اصول کی بات ہوتی جب کابینہ میں بیٹھے لوگ ایماندار ہوتے وزیراعظم کے اردگرد موجود لوگ ایماندار ہوتے، اقتدار کیلئے چند کرپٹ لوگوں کو آپ ساتھ بٹھا تے ہیں تو یہ کیسا بیانیہ ہے۔
عدم اعتماد کے حوالے سے سوال پر ندیم افضل چن کا کہنا تھا کہ جن حکومتی وزراء سے میں ملا ہوں ان کے چہرے دیکھ کر لگ رہا ہے کہ عدم اعتماد کامیاب ہورہی ہے۔