
وزیر اعلیٰ پنجاب کے انتخاب کا معاملہ، پاکستان تحریک انصاف سے ناراض چھینہ گروپ نے حکومتی اتحاد کی جانب سے نامزد امیدوار پرویز الٰہی کی حمایت کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق جمعے کے روز چیھنہ گروپ کے 14 ارکان نے پنجاب اسمبلی میں اسپیکر پرویزالٰہی سے ملاقات کی اور وزارت اعلیٰ کیلیے چوہدری پرویز الہٰی کی حمایت کا اعلان کیا۔
ملاقات میں چھینہ گروپ کے ارکان پنجاب اسمبلی غضنفر عباس چھنیہ، عامر عنایت شاہانی، علی رضا خان خاکوانی، اعجاز سلطان بندیشہ ،محمد احسن جہانگیر، گلریز افضل گوندل، خواجہ داؤد سلیمانی، سردار محی الدین کھوسہ، کرنل غضنفر عباس شاہ، تیمور علی لالی، سردار شہاب الدین سیہڑ، فیصل فاروق چیمہ، اعجاز خان، غلام علی، اصغر خان لہری شامل تھے ۔
اس موقع پر خواجہ داؤد سلیمانی اور غضنفر عباس چھینہ نے پرویز الہٰی کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ترین اور علیم گروپ کو بھی مشورہ دیا کہ دونوں کو بھی پارٹی فیصلے کیساتھ کھڑے ہونا چاہیے۔
واضح رہے کہ چوہدری پرویز الہٰی نے گزشتہ روز بھی چھینہ گروپ سے حمایت کیلیے ملاقات کی تھی۔ اس ملاقات کے دوران چھینہ گروپ نے حتمی فیصلے کیلیے 24 گھنٹے کا وقت مانگا تھا اور آج گروپ نے خود پرویز الہٰی سے ملاقات کرکے ان کی حمایت کا اعلان کردیا۔
چند روز وزیراعظم عمران خان نے عثمان بزدار کا استعفیٰ لیتے ہوئے ق لیگ کے رہنما پرویز الٰہی کو وزیراعلیٰ نامزد کیا تھا۔ آج گورنر پنجاب نے عثمان بزدار کا استعفیٰ بھی منظور کرلیا ۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/14pervaizelahihimayat.jpg