
سابق چیئرمین پی سی بی رمیز راجا ورلڈ کپ میں قومی کرکٹ ٹیم کی ناقص کارکردگی کے حوالے سے کرکٹ بورڈ اور صحافیوں پر برس پڑے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کے سابق چیئرمین اور آئی سی سی کمنٹیٹر رمیز راجا نے قومی ٹیم کے ورلڈ کپ ایونٹ سے باہر ہونے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جب عہدے ایسے لوگوں میں بانٹے جائیں گے جنہیں کرکٹ کی سمجھ نہیں ہے تو ایسے ہی نتائج نکلیں گے۔
اپنے ویڈیو بیان میں گفتگو کرتے ہوئے رمیز راجا نے کہا کہ ورلڈ کپ کے دوران بورڈ کپتان اور بورڈ عہدیدار کی واٹس ایپ چیٹ لیک کردیتا ہے، ٹیم کی ناکامی کے بعد بورڈ حکام سابق کرکٹرز کا مجمع لگا کر پوچھتے ہیں کہ بتائیں کرکٹ کیسے ٹھیک ہوگی؟ بورڈ نےکچھ لوگوں کو اپنا پسندیدہ بنایا ہوا ہےجنہوں نے قومی کرکٹ ٹیم کا بیڑہ غرق کردیا ہے۔
رمیز راجا نے کہا کہ کپتان بدلنے یا کوچنگ اسٹاف کو فارغ کردینا بہت بڑا کام نہیں ہے، نئی گیند سے جب ہمارے باؤلرز وکٹیں نہیں لیں گے تو بابراعظم کیا کپتانی کرے گا؟
خیال رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ 2023 میں ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی وجہ سے گروپ اسٹیج میں ہی ایونٹ سے باہر ہوگئی ہے، پاکستان نے ورلڈ کپ گروپ اسٹیج میں 9 میچز کھیلے اور صرف 4 میں جیت حاصل کی، ایونٹ میں پاکستان بھارت، افغانستان اور انگلینڈ سے بھی شکست کھا بیٹھا۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/13ramizrkajksjjhsjhdjhdh.png