ن لیگ کی جانب سے وزیراعظم کا امیدوار کا کون ؟ خواجہ آصف کا اہم بیان

khawaj-aisf111.jpg


مسلم لیگ ن کے سینئر مرکزی رہنما خواجہ محمد آصف نے آئندہ انتخابات میں وزارت عظمیٰ کے امیدوار سے متعلق شاہد خاقان عباسی کے بیان پر ردعمل دیدیا ہے۔

جیونیوز کے پروگرام کیپیٹل ٹالک میں میزبان منیب فاروق نے خواجہ آصف سے سوال کیا کہ شاہد خاقان عباسی نے بیان دیا ہے کہ مسلم لیگ ن کا آئندہ انتخابات میں وزارت عظمیٰ کے امیدوار شہباز شریف ہوں گے، مریم نواز کے ترجمان محمد زبیر کا اس حوالے سے مختلف بیان ہے آپ کی رائے میں آپ کی جماعت کا امیدوار برائے وزیراعظم آئندہ انتخابات میں کون ہوگا۔

مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما خواجہ آصف نےکہا کہ آج کے دن میں شاہد خاقان عباسی کے بیان کی توثیق کروں گاکیونکہ شہباز شریف ہماری پارٹی کے صدر ہیں وہی آئندہ انتخابات میں ن لیگ کے وزارت عظمیٰ کے امیدوار بھی ہوں گے، شاہد خاقان عباسی کا بیان بالکل واضح ہے ، محمد زبیر نے جو کہا اس میں مستقبل کی بات ہے۔


انہوں نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی ملک کے سابق وزیراعظم رہ چکے ہیں ، ہماری جماعت کے سینئر وائس پریزیڈنٹ ہیں ، محمد زبیر کی عزت اپنی جگہ لیکن شاہد خاقان عباسی کی بات زیادہ مستند اور معتبر سمجھی جائے گی۔

یادرہے کہ مسلم لیگ ن کے سینئر وائس پریزیڈنٹ شاہد خاقان عباسی نے دو روز قبل ایک نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ ن کی قیادت شہباز شریف کریں گے اور وہی ہمارے وزارت عظمیٰ کے امیدوار بھی ہوں گے کیونکہ جو پارٹی کا صدر ہوتا ہے عموما وہی وزارت عظمیٰ کا امیدوار بھی ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ چونکہ مریم نواز شریف الیکشن لڑنے کی اہل نہیں ہیں انہیں عدالت نے نااہل قرار دیا ہوا ہے تو وہ ن لیگ کی وزارت عظمیٰ کی امیدوار نہیں ہوسکتیں۔
 

Back
Top