
مسلم لیگ(ن) نے پرویز الہی کی بحالی سے متعلق لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کو مسترد کردیا اور سپریم کورٹ سے ازخودنوٹس کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کو صرف روز مرہ کے امور کی انجام دہی کے اختیارات تک محدود کیا جائے۔
خواجہ سعد رفیق نے پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما رانا ثناء اللہ، عطاء اللہ تارڑ، مسلم لیگ ق کے رہنما طارق بشیر چیمہ کے ہمراہ پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کل پرویز الہی کی بحالی کا لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ انصاف کے تقاضے پورے نہیں کرتا، اس میں خامیاں ہیں۔
انہوں نے کہا پرویز الہٰی کو عدالت نے میٹھا آپشن دیا کہ اگر چاہے تو ووٹ لیں۔ سعد رفیق نے کہا کہ امکان ہے ہم اس فیصلے کو قانونی فورم پر چیلنج کریں گے، کوئی ادارہ آئین سے روگردانی نہیں کرسکتا، عدالت نے 18 دن دیے ہیں جس میں ہارس ٹریڈنگ کا خدشہ ہے۔
سعد رفیق نے کہا کہ پرویز الہی کو اعتماد کا ووٹ لینا پڑے گا، چاہے آج لیں یا کچھ دن بعد لیں، اگر اعتماد کا ووٹ نہیں لیں گے تو اسکا مطلب یہ ہوگا کہ موجودہ پنجاب حکومت کو ایوان کی اکثریت حاصل نہیں، پنجاب حکومت کو اسٹے آرڈر کے پیچھے چھپنے نہیں دیں گے۔
سعد رفیق نے مزید کہا افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ پرویز الہی کی مرضی پر ان کےلیے گنجائش چھوڑ دی گئی کہ اگر وہ چاہیں تو اعتماد کا ووٹ لیں۔ موجودہ پنجاب حکومت منتخب حکومت نہیں بلکہ صرف اسٹے آرڈر پر قائم ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/shhebaz-ss%20ppt.jpg