
الیکشن میں تاخیر پر سپریم کورٹ کا ازد خودنوٹس، پی ٹی آئی کا خیرمقدم
پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیوں کے لیے الیکشن میں تاخیر پر سپریم کورٹ نے ازخود نوٹس لے لیا، پاکستان تحریک انصاف نے سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے، فواد چوہدری نے ٹویٹ میں لکھا چیف جسٹس پاکستان کا صوبائی انتخابات کے معاملے پر سوموٹو لینا انتہائی خوش آئند ہے۔
فواد چوہدری نے لکھا پاکستان کا آئین اس وقت خطرے میں ہے اور صرف سپریم کورٹ ہی وہ ادارہ ہے جس سے توقع بھی ہے اور ادارے کی ذمہ داری بھی ہے کہ آئین کو اصل حالت میں بحال رکھے۔
فواد چوہدری نے مزید لکھا وزارت اطلاعات اور خاص طور پر جیو گروپ کے لیے کام کرنے والے صحافیوں کی طرف سے اپنے مالکان کی ہدایت پر سپریم کورٹ کے ججوں کو نشانہ بنانا بری بات ہے، یہ ناقابل قبول ہے اور سب کو اس کی مزاحمت کرنی چاہیے۔
اسد قیصر کہتے ہیں ہمیں خوشی ہے کہ سپریم کورٹ نے ازخود نوٹس لیا ہے آئین کا تحفظ سپریم کورٹ کی ذمہ داری ہے سپریم کورٹ سے اچھے فیصلے کی امید ہے، اسد قیصر نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ آج ہم جیل بھرو تحریک کے لیے نکل رہے ہیں۔۔ ہم قائداعظم کا پاکستان دیکھنا چاہتے ہیں۔۔
سپریم کورٹ نے ازد خود نوٹس پر سماعت کے لئے نو رکنی لارجر بینچ تشکیل دے دیا، چیف جسٹس عمر عطا بندیال سربراہی کریں گے، جسٹس اعجاز الاحسن، جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختر، جسٹس یحییٰ آفریدی، جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی، جسٹس جمال خان مندوخیل، جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس اطہر من اللہ بینچ کا حصہ ہوں گے۔