نیرج چوپڑا کی والدہ کی جانب سے ارشد ندیم کو بیٹا کہنے پر مودی نے کیا کہا؟

11modianeerajajchopraksjjs.png

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے پیرس اولمپکس میں سلور میڈل جیتنے والے بھارتی کھلاڑی نیرج چوپڑا کی والدہ کیجانب سے پاکستانی گولڈ میڈلسٹ کو بیٹا کہنے پر نیرج چوپڑا سے مکالمہ ہوا ہے۔

بھارتی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے پیرس اولمپکس میں جیولین تھرو مقابلے میں سلور میڈل جیتنے والے بھارتی کھلاڑی نیرج چوپڑا کو ٹیلی فون کیا اور سلور میڈل جیتنے پر مبارکباد دی اور آئندہ مقابلوں میں گولڈ میڈل جیتنے کی امید ظاہر کی۔


بھارتی وزیراعظم اور نیرج چوپڑا کے درمیان ہونے والی گفتگو میں نیرج چوپڑا کو شکست دینے اور گولڈ میڈل جیتنے والے پاکستانی کھلاڑی ارشد ندیم سے متعلق بھی گفتگو بھی ہوئی اور نیرج چوپڑا کی والدہ کی جانب سے ارشد ندیم کو اپنا بیٹا کہنے کا معاملہ بھی زیر بحث آیا۔

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے نیرج چوپڑا سے کہا کہ آپ کی والدہ نے ارشدندیم کو اپنا بیٹا کہا ہے، اس بات کے بعد ہر جانب سے ان کی تعریف ہورہی ہے، اس میں کوئی شک نہیں کہ آپ کی والدہ نے بہت ہی اچھی اور قابل تعریف بات کی ہے۔

نیرج چوپڑا نے وزیراعظم کی اس بات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ میری والدہ انتہائی سادہ اور صاف دل کی مالک ہیں، انہوں نے ہمیشہ محبت، امن اور بھائی چارے کا درس دیا اور میرے حریفوں کیلئے بھی نیک تمناؤں کا بھی اظہار کیا ہے۔

خیال رہے کہ پیرس اولمپکس کے دوران پاکستانی کھلاڑی ارشد ندیم نے بھارتی حریف نیرج چوپڑا کو شکست دے کر گولڈ میڈل جیت لیا تھا جس کے بعد نیرج چوپڑا کی والدہ کا ایک بیان سامنے آیا جس میں انہوں نے کہ کہ ارشد ندیم بھی میرا بیٹا ہے اور مجھے ارشد ندیم کی جیت پر بھی بہت خوشی ہوئی ہے۔