نیب زدہ افراد کو سرکاری عہدوں سے فوری ہٹایا جائے:سندھ ہائیکورٹ کا برا فیصلہ

nbb.jpg


سندھ ہائی کورٹ نے صوبے بھر کے تمام محکموں میں تعینات نیب زدہ افسران کو فوری طور پر عہدے سے ہٹانے کا حکم جاری کردیا ہے۔

خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں کرپشن زدہ افسران کو عہدوں پر برقرار رکھنے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، سماعت جسٹس اصلاح الدین پہنور کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے کی، دوران سماعت نیب کی جانب سے کرپشن زدہ افسران کی فہرست عدالت میں پیش کی گئی۔

عدالت نے اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل سندھ سے سوال کیا کہ کرپشن زدہ افسران کس کس سرکاری عہدے پر تعینات تھے جس پر حکومت سندھ کے وکیل نے عدالت کو آگا ہ کیا ک بورڈ آف ریونیو کے 10 کرپشن زدہ افسرا ن کو عہدوں سے ہٹادیا گیا ہے ان میں مختیار کار اور نپیدار شامل ہیں۔

اس موقع پر عدالت نے حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ سزا یافتہ افسران سرکاری عہدوں پر رہتے ہوئے کیا کیا کررہے ہوں گے، سزایافتہ کین کمشنر تعینات کیا گیا ، آبادکاریوں کا کیا ہوا ہوگا ، ایسے افسر کہاں سے ملتے ہیں انہیں کہاں سے تلاش کرکے لایا جاتا ہے ، ورکرز ویلفیئر میں سزا یافتہ ڈائریکٹر بٹھایا گیا دال میں کچھ تو کالا ہے ہمیں گھمائیں پھیرائیں نہیں سچ بتائیں۔

جسٹس صلاح الدین نے ریمارکس دیئے کہ سزا یافتہ افسر چاہے وہ کانسٹبل ہی کیوں نہ ہو اسے بھی کہیں پوسٹنگ نہ دی جائے۔عدالت نے حکم جاری کیا سزا یافتہ، ضمانت پر رہا نیب ملزمان کو سرکاری محکموں میں تعینات نہ کیا جائے، اگر کوئی افسر تعینات ہے تو اسے فوری طور پر عہدے سے ہٹادیا جائے، حکم پر فوری طور عمل نہ ہونے کی صورت میں توہین عدالت کی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔