نیب ترمیمی آرڈیننس منظور، فائدہ پہنچانے کے بدلے تحائف لینا اور دینا جرم قرار، تفتیش میں عدم تعاون پر چیئرمین نیب کو ملزم کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا اختیار
ذرائع کے مطابق قائم مقام صدر مملکت وچیئرمین سینٹ صادق سنجرانی کی منظوری کے بعد وزارت قانون وانصاف کی طرف سے ملک بھر میں قومی احتساب بیورو (نیب) ترمیمی آرڈیننس2023ء نافذ کر دیا گیا ہے جس کے مطابق اب کسی کو فائدہ پہنچانے کے بدلے میں تحائف لینے اور دینے کو جرم تصور کیا جائے گا۔
https://twitter.com/x/status/1676252104506372097
ملزم کے خلاف تفتیش کی سطح پر نیب کو اسے گرفتار کرنے اور کسی بھی شخص کو وعدہ معاف گواہ بنانے کا اختیار دے دیا گیا ہے جبکہ جھوٹا یا بدنیتی پر قائم مقدمہ بنوانے والے کو 3 سال کی سزا دی جائے گی۔
صدارتی آرڈیننس کے ذریعے نیب آرڈیننس 1999 کے سیکشن 14 اے، 24 ، 26، 28، 33 ایف اور سیکشن 36 میں بھی ترمیم کی گئی ہیں۔نیب کو اب کسی مقدمہ کی تفتیش کی سطح پر ملزم کو گرفتار کرنے کا اختیار حاصل ہے جبکہ تفتیش میں عدم تعاون پر چیئرمین نیب کو ملزم کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا اختیار بھی مل گیا ہے۔ ملزم کو اپنی بے گناہی خود ثابت کرنا ہو گی اور بارِ ثبوت بھی ملزم پر ہو گا۔
چیئرمین نیب کو اب مقدمے میں کسی بھی شخص کو وعدہ معاف گواہ گواہ بنانے کا اختیار بھی مل گیا ہے جو اپنی گواہی مجسٹریٹ کے روبرو ریکارڈ کروائے گا۔ وعدہ معاف گواہ نے اگر کوئی بات چھپائی تو معافی منسوخ جبکہ گواہ کی گواہی کو اس کے خلاف بھی استعمال کیا جا سکے گا۔ جھوٹا یا بدنیتی پر مقدمہ درج کروانے والے افارد کو 3 سال قید کی سزا بھگتنی پڑے گی۔
نئے نیب ترمیمی آرڈیننس میں سیکشن 24 میں ترامیم کے بعد قومی احتساب بیورو ملزم کو 14 دنوں کے بجائے 30 دن تک اپنی حراست میں رکھ سکے گا۔ نیب سے تعاون نہ کرنے پر چیئرمین نیب ملزم کے وارنٹ گرفتاری جاری کر سکیں گے اور وہ مقدمے کی پیروی کیلئے کسی وکیل کی خدمات حاصل کر سکیں گے۔ نیب آرڈیننس 2023ء کو فوری طور پر نافذ العمل کر دیا گیا ہے جس کا اطلاق 1999ء آرڈیننس سے ہو گا۔
یاد رہے کہ صدارتی آرڈیننس کیلئے پیر کی شام کو قومی اسمبلی اجلاس غیرمعینہ مدت کیلئے ملتوی کر دیا گیا تھا کیونکہ اجلاس جاری رہنے کی صورت میں صدارتی آرڈیننس جاری نہیں کیا جا سکتا تھا۔ خیال رہے کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی حج کی سعادت حاصل کرنے کیلئے سعود ی عرب چلے گئے تھے جس کے بعد ان کی جگہ چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی قائم مقام صدر کی ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/nab-oridnana.jpg